اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کی جانب سے پیراو لمپکس میڈلسٹ حیدر علی کو 50 لاکھ روپے کا کیش ایوارڈ دے دیا گیا۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق پاکستان سپورٹس بورڈ نے حال ہی میں منظور کی گئی پالیسی کے تحت پیرالمپکس میں پاکستان کیلئےکانسی کا میڈل جیتنے والے حیدرعلی کو 50 لاکھ روپے کا کیش ایوارڈ دیا۔کیش انعام کا چیک وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ خان نے حیدر علی کو دیا۔
اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ حیدر علی نے اپنی محنت اور عزم سے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا، حکومت کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے ایسے اقدامات جاری رکھے گی۔
پاکستان سپورٹس بورڈ کے حکام نے بھی اس موقع پر حیدر علی کی کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ایوارڈ ان کی شاندار کارکردگی اور ملک کیلئے خدمات کا اعتراف ہے۔
حکومت کی نئی پالیسی کے تحت دیگر قومی اور بین الاقوامی سطح پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو بھی انعامات دیئے جائیں گے۔