حجاموں کی قینچی الیکشن میں آزمائے ہوئے سیاستدان’ مونڈھ‘ دے گی
لاہور (ملک خیام رفیق/الیکشن سیل) شہر کے حجام موجودہ قیادت سے مایوس آئندہ انتخابات میں ترپ کی چال چلیں گے، آزمائے ہوﺅں کو دوبارہ نہیں آزمائیں گے، ووٹ انہی کو ملے گا جو پاکستان سے مخلص ہوگا اور ملک کی تقدید بدلنے کا اہل ہوگا ،حجاموں نے عہد کرلیا۔ حجام عبدالسلام نے کہا کہ حکومت سے جو توقعات وابستہ تھیں وہ پوری نہیں ہوئیں حکمرانوں نے عوام کو مہنگائی، بے روزگاری کے سوا کچھ نہیں دیا۔ حجام مصطفیٰ نے کہا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ سے ہمارا کاروبار متاثر ہوا قیادت سے وابستہ توقعات پوری نہیں ہوئیں۔ عام آدمی مہنگائی سے بری طرح متاثر ہوا ہے ہمارا مطالبہ ہے کہ اب ایسے لوگ برسراقتدار آئیں جو ملک وقوم سے مخلص ہوں تاکہ بہتری آسکے حجام مشتاق نے کہا کہ ہمیں ایماندار قیادت کی ضرورت ہے اور آئندہ انشاءاللہ ہماری کوشش ہو گی کہ ملک کے لئے ایسی ہی قیادت کا انتخاب ہوسکے۔ حجام مدثر نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوام کو سوائے مہنگائی بے روزگاری اور غربت کے کچھ نہیں دیا ہم آئندہ الیکشن میں ملک وعوام دوست قیات کا انتخاب کریں گے۔ حجام آصف نے کہا کہ عوام کو حکومت سے جو امیدیں وابستہ تھیں وہ پوری نہیں ہوئیں پانچ سالوں میں عوام کے ساتھ جو سلوک کیا گیا وہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ کوئی ایسا نظام متعارف کروائیں جس میں ہر طبقہ کے لوگوں کو انتخابات میں حصہ لینے کا موقع مل سکے۔ حجام عارف نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں بری طرح ناکام رہی ہے۔ آئندہ ہم قیادت کا انتخاب محتاط انداز میں کریں گے تاکہ آنے والے حکمران عوام کو ریلیف دے سکیں اور مہنگائی، غربت اور بے روزگاری جیسے عذاب سے نجات دلاسکیں۔ حجام فریاد نے کہا کہ حکمرانوں نے عوام کو ذلیل وخوار کردیا ہے ہم تبدیلی چاہتے ہیں ہمارا دل تو نہیں چاہتا کہ کسی کو ووٹ دیں لیکن تبدیلی کی امید پر ہم ووٹ ضرور کاسٹ کریں گے۔ حجام خلیل نے کہا کہ یہ ملک صرف امیروں کا ہے غریبوں کو نہ تو حکمران پوچھتے ہیں اور نہ ہی قانون نافذ کرنے والے ادارے یہاں غریب، غریب سے غریب تر اور امیر، امیر سے امیر تر ہورہا ہے۔ موجودہ قیادت نے عوام کو مایوس کیا ہے ہمیں ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو امیر وغریب کے ساتھ یکساں سلوک کرے تاکہ عام آدمی کے بنیادی حقوق اسے مل سکیں۔ آئندہ ہم اپنا ووٹ نئی قیادت کے لئے استعمال کریں گے۔ حجام ہارون نے کہا کہ موجودہ قیادت نے عوام سے کئے ہوئے وعدے پورے نہیں کئے آئندہ بھی ان حکمرانوں سے امیدیں وابستہ کرنا بہت بڑی غلطی ہوگی ہم قیادت کیلئے کوئی نئی پارٹی کا انتخاب کریں گے تاکہ ملک وقوم کے حالات میں بہتری آسکے۔