چودھرےوں کی لوٹ مار سے تنگ آ کر لوگ انہےں چھوڑ رہے ہےں، رانا ثناءاللہ
لاہور(سٹاف رپورٹر)صوبائی وزیرقانون رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ چودھری برادران کی لوٹ مار اور ذاتی مفادات کی سیاست سے تنگ آ کر لوگ انہیں چھوڑ تے جا رہے ہیں۔یہ سلسلہ جاری رہے گا اورچودھری پرویزالٰہی ہر آنے والے دن کے ساتھ اپنے اردگرد بیٹھے لوگوں کو جاتا ہوا دیکھیں گے اس لئے وہ ایسے مزید صدمے برداشت کرنے کے لئے تیار رہیں۔رانا ثناءاللہ نے پرویزالٰہی کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پرویز الہٰی کے وزارت اعلیٰ کے دور میں پنجاب ترقیاتی منصوبوں کے قبرستان کا نقشہ پیش کرتا رہا اور پرویزالہٰی اینڈ سنز نے پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کے نام پر سرکاری خزانے سے اپنی جیبیں بھریں- انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے صوبہ میں گڈ گورننس اور شفافیت کا اعلی معیار قائم کیا ہے اور بین الاقوامی اداروں نے بھی پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کا اعتراف کیا ہے - انہوں نے کہا کہ بے اختیار نائب وزیر اعظم بے بنیاد اور من گھڑت الزامات لگا لگاکر اپنا اعتبار کھو چکے ہیں اور اب ان کے جھوٹ پر کوئی یقین کرنے کو تیار نہیں ۔ انہوںنے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی دن رات محنت شاقہ اور مسلسل نگرانی کی وجہ سے میٹرو بس کا منصوبہ 30ارب روپے کی لاگت سے 11ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل ہوا۔ اگر یہی منصوبہ پرویز الٰہی بناتے تو یقینا اس کی لاگت 100ارب روپے سے بھی بڑھ جاتی اور پرویزالٰہی کے دیگر منصوبوں کی طرح مدت تکمیل کی بھی کوئی قید نہ ہوتی۔