اتوار بازاروں مےں ریلیف برائے نام اہلکاروں کی غفلت سے صارفین مسائل سے دو چار
لاہور(اسد اقبال، تصاویر ذیشان منیر) صوبائی دارالحکومت میں عوام الناس کو عام مارکیٹ کی نسبت ارزاں نرخوں پر سبزیوں و پھلوں کی فراہمی کے لئے لگائے جانے والے اتوار بازاروں میں جہاں شہریوں کو ریلیف میسر ہے وہیں ضلعی حکومت کی جانب سے تعینات کئے گئے مختلف محکموں کے اہلکاروں کی فرائض میں غفلت کے پیش نظر صارفین کئی ایک مسائل سے بھی دوچار ہیں۔ روزنامہ پاکستان کی جانب سے گزشتہ روز شہر کے پسماندہ ترین علاقہ میں لگائے جانے والے شیراکوٹ ساٹھ فٹ روڈ اتوار بازار میں صارفین نے انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے مہنگائی کے اس دور میں شیرا کوٹ اتوار بازار کو غریبوں کا بازار کہا اور اس کو مکینوں کے لئے ایک نعمت قرار دیا ہے۔ پاکستان رپورٹ کے مطابق شیرا کوٹ اتوار بازار ساٹھ فٹ روڈ پر ایک بازار میں لگایا جاتا ہے جو پسماندہ علاقوں کے وسط میں ہونے کے باعث ہر ہفتہ ہزاروں غریب و محنت کش خواتین سستے داموں سبزیوں و پھلوں سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی خاطر رجوع کرتی ہیں، شیرا کوٹ اتوار بازار دیگر اتوار بازاروں کی نسبت بنیادی سہولیات سے محروم ہونے کی باوجود صارفین کے لئے حکموت کی جانب سے ایک تحفہ ہے تاہم مسلم لیگ (ن) کے رہنما میاں مرغوب احمد مہر اشتیاق اور میاں رزاق جتل کی خصوصی دلچسپی کے باعث شیرا کوٹ اتوار بازار غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کرنے والوں کو بھی ریلیف فراہم کر رہا ہے جہاں مشاہدہ میں ٓیا ہے کہ مارکیٹ کمیٹی کے نرخ سے کم قیمت پر بھی قدرے ناقص اشیاءہونے کے باوجود خریداری رجحان میں تیزی دکھائی دی۔ جہاں پر ٹولیوں کی شکل میں خواتین دور دراز کے علاقوں سے آ کر سبزیوں و پھلوں سمیت دیگر اشیاءکی خریداری کرتی ہیں۔