ایف پی سی سی آئی کی لاہورخودکش دھماکے کی سخت مذمت

ایف پی سی سی آئی کی لاہورخودکش دھماکے کی سخت مذمت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(کامرس رپورٹر)فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی) کے نائب صدر حمید اختر چڈھا نے لاہور میں پولیس لائنز کے باہر خود کش حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کے تحفظ میں بالکل ناکام نظر آرہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شکار پور اور پشاور سانحہ کے بعد آج پھرعوام کے محافظوں سمیت عام شہری دہشت گردوں کی بربریت کا نشانہ بنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خود کش دھماکہ میں جب کسی کا پیارا اس دنیا سے چلا جاتا ہے تو اس غم کا اندازہ صرف وہی لگا سکتا ہے جو اس دہشت گردی کے ناسور کا نشانہ بنتا ہے،ملک میں پر روز موت کا یہ کھیل کھیلا جا رہا ہے۔پاکستان میں ان حالات میں کوئی بھی غیر ملکی سرمایہ کار سرمایہ کاری کرنے کیلئے تیار نہیں ہے حکومت کو چاہئے کہ ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے ان دہشت گردوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹے تاکہ ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کے بند دروازے دوبارہ سے کھل سکے۔حمید اختر نے مزید کہا کہ حال ہی میں جاری پاک چین اکنامک کوریڈور منصوبہ کوجہاں روٹ کی تبدیلی کی شکل میں خدشات لاحق ہیں وہی یہ خدشہ بھی ہے کہ موجودہ حالات کی وجہ سے کہیں یہ منصوبہ بھی دہشت گردی کی نظر نہ ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی نے ملک کی معیشت کو بری طرح سے جکڑ رکھا ہے ،کوئی بھی کاروبار دہشت گردی کی وجہ سے ترقی نہیں کر رہا جو ہمارے لئے بہت بڑا لمحہ فکریہ ہے۔ملک بھر کی تاجر برادری اس افسوسناک سانحہ پر متاثرہ خاندان کے غم و رنج میں برابر کے شریک ہیں ۔متاثرہ خاندان کے گھر پر کیا گزر رہی ہو گی یہ پوری قوم سمجھ سکتی ہے اس لئے اب ہمیں مزید وقت برباد کئے بغیر ایک ہو جانا چاہئے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سانحہ میں ملوث تمام عناصر کو سخت سے سخت سزا دی جائے اور ان کوکیفر کردار تک پہنچا کر دم لیا جائے۔

مزید :

کامرس -