یونان پاکستان کے ساتھ تجارتی روابط کا فروغ چاہتا ہے‘سفیر ڈمتریوس ذوٹس

یونان پاکستان کے ساتھ تجارتی روابط کا فروغ چاہتا ہے‘سفیر ڈمتریوس ذوٹس

  



راولپنڈی (کامرس ڈیسک)یونان کے سفیر ڈمتریوس ذوٹس نے کہا ہے کہ یونان پاکستان کے ساتھ تجارتی روابط کا فروغ چاہتا ہے ،دونوں ممالک کی کاروباری برادری کو آپس میں براہ راست روابط کو بڑھانا ہو گا اور نئے شعبوں کو ڈھونڈنا ہو گا تا کہ باہمی تجارت کو وسعت دی جا سکے، ان خیالات کااظہار انہوں نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے دوران صدر چیمبر سید اسد مشہدی سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا انکے ساتھ نائب ہیڈ آف مشن یونان سفارتخانہ جارجیس الیاس فوسٹروپولس بھی موجود تھے۔ سینئر نائب صدر میاں ہمایوں پرویز، نائب صدر صبور ملک ،سابق صدر سہیل الطاف ،ارکان مجلس عاملہ اور دیگر ممبران چیمبر بھی موجو دتھے۔ سفیر نے کہا کہ یونان کا زیتون کا تیل اپنی عمدہ کوالٹی کی بنا پر دنیا بھر میں مقبول ہے لیکن پاکستان میں دستیاب نہیں، پاکستان کی کاروباری برادری کو چاہیئے کہ زیتون کے تیل کے شعبے میں کام کریں کیونکہ پاکستان زیتون کے استعمال کے لحاظ سے بڑی منڈی ہے ،توانائی ،خاص طور پر شمسی توانائی کے سلسلے میں یونان پاکستان کی مدد کر سکتا ہے ،انہوں نے باہمی تعاون کے فروغ کے سلسلے میں اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے صدر راولپنڈی چیمبر سید اسد مشہدی نے کہا کہ دونوں ممالک غیر روایتی تجارت کو فروغ دیں اور سیاحت سمیت دیگر تمام شعبوں میں تعاون بڑھائیں۔  ،ثقافتی شوز اور تجارتی نمائشوں اور وفود سے دونوں ممالک کی عوام اور کاروباری برادری کو ایک دوسرے کے قریب لایا جائے تا کہ تجارت کو فروغ دینے میں مدد مل سکے،صدر آر سی سی آئی نے کہا کہ یونان بھی اقتصادی بحران کا شکار ہے لیکن امید کرتے ہیں کہ جلد وہ اس صورتحال سے نکلنے میں کامیاب ہو جائے گا اورپاکستان اور یونان جن کا باہمی تجارتی حجم محض 73ملین ڈالر ہے کو بڑھانے کے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

مزید : کامرس