نامزد ملزمان کی عدم گرفتاری کیخلاف پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی

نامزد ملزمان کی عدم گرفتاری کیخلاف پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام احتجاجی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(ایجوکیشن رپورٹر) پنجاب یونیورسٹی اکیڈیمک سٹاف ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام انسٹی ٹیوٹ آف ایگریکلچرل سائنسز کے لیکچرار ندیم شاد پر تشدد اور نامزد ملزمان کی عدم گرفتاری کے خلاف انڈر گریجوایٹ بلاک سے انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں ڈین فیکلٹی آف لاء پروفیسر ڈاکٹر شازیہ نورین قریشی، ڈاکٹر حافظ محمد رفیق، ڈاکٹر عابد حسین چوہدری، ڈاکٹر فہیم آفتاب، ڈاکٹر محبوب حسین، ڈاکٹر نوشینہ سلیم ، سونیا عمراور اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے جمعیت کے کارکنوں کی جانب سے اساتذہ پر تشدد کے خلاف بینرز اور پوسٹرز اٹھا رکھے تھے اور اساتذہ نے ہاتھوں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر شازیہ نورین قریشی نے پنجاب حکومت اور اعلیٰ پولیس حکام سے مطالبہ کیا کہ واقعے کا فوری نوٹس لے کر ایف آئی آر میں نامزد ملزمان کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ ۔       انہوں نے کہا کہ کیمپس میں پر امن تعلیمی ماحول قائم رکھنے کے لئے غنڈہ عناصر کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کا مقصد اساتذہ پر جمعیت کی جانب سے تشدد کے واقعات کی مذمت ، اساتذہ سے اظہار یکجہتی اور ملزمان کی گرفتاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ پر تشدد عناصر کے خلاف کارروائی کریں تاکہ ایسے عناصر آئندہ قانون کو اپنے ہاتھ میں نہ لیں۔ احتجاجی مظاہر کے بعد ریلی کے شرکاء پر امن طور پر منتشر ہو گئے۔