اوپن یونیورسٹی لاہور ریجن طلبہ کے داخلوں کے حوالے سے پہلے نمبر پر آ گیا

اوپن یونیورسٹی لاہور ریجن طلبہ کے داخلوں کے حوالے سے پہلے نمبر پر آ گیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی لاہور ریجن نے طلبہ کے داخلوں کا اپنا ہی سابقہ ریکارڈ توڑ دیاپاکستان بھر میں پہلی پوزیشن، ماہرین تعلیم، پرنسپل، سینئر ہیڈ ماسٹروں اور اساتذہ کی تنظیموں کا شرخ خواندگی میں اضافے پررسول بخش بہرام کو زبردست خراج تحسین۔ تفصیلات کے مطابق رسول بخش بہرام نے 2013ء میں ریجنل ڈائریکٹر لاہور کا چارج سنبھالا اور صرف چند ماہ میں ہی طلبہ کے داخلوں کے حساب سے لاہور ریجن کو پاکستان میں سر فہرست کر دیا۔35 فیصد طلباء کے داخلوں کا حامل ضلع قصور کو لاہور ریجن سے علیحدہ کرنے کے باوجود بھی لاہور نے اپنا اعزاز برقرار رکھا، اب خزاں 2014ء کے داخلوں میں طلبہ کے داخلوں کے حوالے سے ایک مرتبہ پھر لاہور ریجن پاکستان بھر میں پہلے نمبر پر رہا۔ رسول بخش بہرام نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اوپن یونیورسٹی کا بنیادی مقصد طلبہ کو ان کے گھروں کی دہلیز پر اعلیٰ تعلیم کے بہترین مواقع فراہم کرنا ہے۔ لاہور ریجن کو اعزاز جاتا ہے کہ اس نے تحصیل کی سطح پر بی ایڈ اور ایم ایڈ کی ورکشاپ کا آغاز کر کے طلبا و طالبات کو گھروں کے نزدیک اعلیٰ تعلیم کے بہترین مواقع فراہم کئے۔   رسول بخش بہرام کا کہنا تھا کہ شرح خواندگی میں اضافے کے لئے پاکستان کے ہر شخص کو کردار ادا کرنا چاہئے، انہوں نے کہا اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد صدیقی کے وژن کے مطابق طلبہ کے داخلے بڑھانے کے لئے گلی ، محلے، ٹاؤن، تحصیل اور گاؤں کی سطح پر 170 سے زائد گائیڈنس سینٹر اور سٹڈی سنٹر قائم کئے۔ اور ان علاقوں کے خطیب حضرات، سیاسی و سماجی تنظیموں کے عہدیداروں، لیڈی ہیلتھ وزیٹر اور مختلف علاقوں کی معزز شخصیات سے ملاقاتیں کیں، ان کی ٹریننگ کے ساتھ ساتھ عام آدمی تک اوپن یونیورسٹی کا پیغام پہنچایا جس کا فائدہ یہ ہوا کہ لاہور ریجن طلبہ کے داخلوں کے حوالے سے پاکستان بھر میں سر فہرست ہو گیا۔ اس کا کریڈٹ اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد صدیقی اور میرے سمیت لاہور ریجن کے ملازمین کو بھی جاتا ہے، جن کی قابلیت کی بدولت لاہور ریجن کو یہ اعزاز نصیب ہوا۔