وکلاء برادری پولیس لائنز میں ہونیوالے دھماکے کی مذمت کرتی ہے، مدثر چودھری
لاہور(نامہ نگار)وکلاء نے لاہور پولیس لائنز میں ہونے والے خود کش حملہ کو پنجاب حکومت کی سکیورٹی پر ناکام اور نااہلی پر مبنی حکمت عملی کا شاخسانہ قرار دیتے ہوئے معصوم شہریوں کی ہلاکتوں پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔سینئر وکیل مدثر چودھری، مرزاحسیب اسامہ، ساگر علی ڈھلوں ،چودھری مجتبی و دیگر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سالانہ اربوں روپے سکیورٹی کے نام پر خرچ کر رہے ہیں مگر نتیجہ صفر جمع صفر ہی ہے۔ وکلاء نے گزشتہ روز لاہور پولیس لائن کے سامنے ہونیوالے خودکش دھماکے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور زخمیوں کے حوالے سے اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ اگر حکومت نے دہشتگردی روکنے کیلئے کوئی ٹھوس لائحہ عمل مرتب نہ کیا تو خدانخواستہ ایک بڑا سانحہ رونما ہوسکتا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردوں نے پورے ملک میں دہشتگردی پھیلارکھی ہے تاہم حکومت وقت کو اس کے سدباب کے لئے مذمتی بیانوں سے ہٹ کر عمل اقدامات کرنے کی بھی اشد ضرورت ہے ۔