پنجاب حکومت سے مذاکرات تعطل کا شکار ایپکا کا احتجاجی تحریک چلانیکا اعلان

پنجاب حکومت سے مذاکرات تعطل کا شکار ایپکا کا احتجاجی تحریک چلانیکا اعلان

  



 لاہور ( خبر نگار) پنجاب حکومت اور ایپکا کے درمیان مذاکرات تعطل کا شکار ہو گئے ہیں اور ایپکا نے ایک بار پھر احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کر دیا ہے جس میں پنجاب بھر کے سرکاری ملازمین نے24 فروری کو پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاجی دھرنے جبکہ آج سے روزانہ کی بنیاد پر احتجاجی مظاہروں کا اعلان اور شیڈول بھی جاری کر دیا ہے جس میں سرکاری محکموں میں آج سے دفاتر میں قلم چھوڑ ہڑتال، مکمل بائیکاٹ، احتجاجی مظاہروں اور ریلیاں نکالنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ایپکا لاہور کے صدر محمد یونس بھٹی اور مرکزی رہنما لالہ محمد اسلم نے صحافیوں کو گزشتہ روز بتایا کہ پنجاب حکومت نے10فروری کو سول سیکرٹریٹ کے سامنے دیئے جانے والے احتجاجی دھرنے پر مطالبات کی منظوری کے لئے تین دن کی مہلت لی تھی اس میں وزیراعلیٰ سے چارٹر آف ڈیمانڈ کی منظوری کی یقین دہانی کروائی گئی تھی اور تاحال پنجاب حکومت اور محکمہ فنانس نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب پنجاب حکومت کی انتظامیہ سے مذاکرات نہیں ہوں گے اور پنجاب کے سرکاری ملازمین کے حقوق کی بحالی اور چارٹر آف ڈیمانڈ کی منظوری تک احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔ حاجی محمد ارشاد نے کہا کہ اب مذاکرات نہیں، بلکہ احتجاجی تحریک چلائی جائے گی اور 24فروری کو پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔ تاہم سرکاری محکموں میں قلم چھوڑ ہڑتال، دفاتر کا بائیکاٹ اور محکموں کے سامنے احتجاجی مظاہرے اور احتجاجی ریلیوں کا سلسلہ آج سے شروع کر دیا جائے گا جس میں سرکاری ملازمین آج محکمہ تعلیم اور محکمہ صحت کے دفاتر میں قلم چھوڑ ہڑتال اور جنرل ہسپتال کے سامنے ایپکا کے زیر اہتمام ملازمین احتجاجی مظاہرہ کریں گے اور اس میں پیرا میڈیکل کو بھی دعوت دی جائے گی۔ اس حوالے سے لالہ محمد اسلم اور یونس سیٹھی نے بتایا کہ24فروری کو اے جی آفس سے پنجاب اسمبلی تک احتجاجی ریلی نکالی جائے گی اور لاہور اسمبلی کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا جائے گا جس میں پنجاب حکومت اور محکمہ فنانس کی ملازمین دشمنی کے خلاف سینہ کوبی کی جائے گی اور اس کے بعد5 مارچ کو ایوان وزیراعلیٰ کے سامنے ڈے اینڈ نائٹ احتجاجی دھرنا دیا جائے گا جو کہ چارٹر آف ڈیمانڈ کی منظوری تک احتجاجی دھرنا جاری رہے گا۔

مزید : صفحہ آخر


loading...