شہید سب انسپکٹر یوسف کی نماز جنازہ پولیس لائنز میں ادا کر دی گئی

شہید سب انسپکٹر یوسف کی نماز جنازہ پولیس لائنز میں ادا کر دی گئی

  



لاہور(کرائم سیل )پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ کے مرکزی گیٹ کے قریب ہونیوالے خود کش دھماکے میں شہید ہونیوالے سب انسپکٹر محمد یوسف کی نماز جنازہ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں ادا کر دی گئی ۔ جنازے میں کور کمانڈر لاہور نوید زمان، آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا، سی سی پی اولاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن شہزاد سلطان، ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف، ایس ایس پی آپریشنز محمد باقر رضا، ایس ایس پی انویسٹی گیشن رانا ایاز سلیم، ایس پی سی آئی اے محمد عمر ورک کے علاوہ ڈویژنل ایس پیز سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ شہید کے بیٹے اور پولیس افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کور کمانڈر لاہور نوید زمان نے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پولیس فورس کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سب انسپکٹر محمد یوسف نے جس طرح بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی جان کا نذانہ پیش کیا وہ یقینا قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف فوج، پولیس اور پاکستان کے تمام ادارے یکجان ہیں اور انشااللہ ہم سب مل کر دہشت گردوں کو عبرتناک شکست دیتے ہوئے ملک سے دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ کر کے دم لیں گے۔

مزید : صفحہ اول


loading...