ایک خودکش حملہ آور کی جیکٹ پھٹ نہ سکی، زخمی حالت میں گرفتار، جیکٹ ناکارہ بنانے کی کوشش
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی دارالحکومت کے کری روڈ پر واقعہ قصر سکینہ امام بارگاہ میں ایک خودکش حملہ آور کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ ایک حملہ آور کی لاش امام بارگاہ کے اندر پڑی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق خودکش حملہ آور فائرنگ کرتے ہوئے امام بارگاہ کی جانب بڑھے تاہم گیٹ پر موجود سیکیورٹی گارڈ نے انہیں روک لیا جس پر ایک حملہ آور نے اسے گولی مار کر ہلاک کر دیا اور امام بارگاہ کے اندر داخل ہو کر دھماکہ کر دیا جبکہ ایک حملہ آور نے گیٹ پر ہی خود کو اڑانے کی کوشش کی لیکن ناکام رہا اور وہاں موجود لوگوں نے اسے زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ عینی شاہدین کے مطابق خودکش حملہ آور کی جیکٹ نہ پھٹنے سے بہت سی قیمتی جانیں ضائع ہونے سے بچ گئیں اور اگر جیکٹ پھٹ جاتی تو ہلاکتوں کی تعداد بہت زیادہ ہو جاتی۔ پولیس اور بم ڈسپوزل سکواڈ موقع پر پہنچ چکا ہے اور جیکٹ کو ناکام بنانے کی کوشش جاری ہے۔