’یہ نوٹ دہشت گرد زیادہ استعمال کرتے ہیں اس لئے ختم کرو‘

’یہ نوٹ دہشت گرد زیادہ استعمال کرتے ہیں اس لئے ختم کرو‘
’یہ نوٹ دہشت گرد زیادہ استعمال کرتے ہیں اس لئے ختم کرو‘

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

جینیوا (نیوز ڈیسک) جدید دور میں دہشت گردی ایک پیچیدہ کاروبار کی صورت اختیار کرچکی ہے جس کے پیچھے بہت بڑا سرمایہ کارفرما ہے۔ یورپی ماہرین بھی دہشت گردی اور سرمائے کے اسی تعلق پر تحقیق کررہے تھے کہ ایک مخصوص کرنسی نوٹ کے بارے میں حیرت انگیز انکشاف ہوا کہ یہ دہشت گردوں کا خاص ہتھیار بن چکا ہے، جس کے بعد اس پر پابندی لگانے کے بارے میں غور و خوض شروع کر دیا گیا ہے۔
اخبار ڈیلی میل کے مطابق یورپی سینٹرل بینک کے حکام کا کہنا ہے کہ 500 یورو کا نوٹ دہشت گردی کی فنڈنگ میں استعمال ہونے والا مقبول ترین کرنسی نوٹ بن چکا ہے، لہٰذا یورپی حکام اس بات پر سنجیدگی سے غور کررہے ہیں کہ اس کرنسی نوٹ کے استعمال پر پابندی لگادی جائے۔ یورپی سینٹرل بینک کے حکام کا کہنا ہے کہ 500 یورو کا نوٹ اتنی بڑی مالیت کا ہے کہ عام افراد اس کا استعمال کم ہی کرتے ہیں جبکہ بڑی رقوم کی کیش کی صورت میں منتقلی کرنے والوں کے لئے یہ ایک پسندیدہ آپشن ہے، لہٰذا جرائم پیشہ افراد اور خصوصاً دہشت گرد اس کا کھل کراستعمال کر رہے ہیں۔
یورپی تحقیق کاروں کا کہنا ہے کہ بڑی مالیت کے نوٹ کی شکل میں جرائم پیشہ افراد کے لئے اپنے بھاری فنڈز کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنا نسبتاً آسان ہوجاتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ 500 یورو کا نوٹ خلاف قانون کارروائیوں کے لئے بڑے پیمانے پر استعمال ہورہا ہے۔ ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ کرنسی نوٹ زیادہ تر روس میں زیر گردش ہے اور غیر قانونی سرگرمیوں میں اس کے استعمال کے شواہد مسلسل سامنے آرہے ہیں۔
یورپی سینٹرل بینک کے صدر ماریو دراغی کا کہنا تھا کہ یورپ میں دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے مختلف پہلوﺅں کے جائزے کے دوران 500 یورو کے نوٹ کا دہشت گردی کے ساتھ تعلق سامنے آیا جس کے بعد اس پر پابندی کی تجویز دی گئی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 500 یورو کے نوٹ پر پابندی کے بعد صارفین کو 200 یورو کا نوٹ دستیاب ہوگا جسے وہ کیش کی صورت میں رقم محفوظ رکھنے کے لئے استعمال کرسکتے ہیں۔
یورپین اینٹی فراڈ آفس کے سربراہ گیووانی کیسلر کا کہنا تھا کہ بڑی مالیت کے کرنسی نوٹوں کی کچھ خاص افادیت بھی نہیں ہے اور وہ اس بات کو ترجیح دیں گے کہ کم مالیت کے نوٹ استعمال کئے جائیں، کیونکہ بڑی مالیت کے نوٹ عموماً جرائم سے متعلقہ سرگرمیوں میں ترجیحاً استعمال کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے لین دین کے لئے الیکٹرانک ذرائع کو استعمال کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

مزید :

ڈیلی بائیٹس -