دبئی ائیرپورٹ پر اب تک کی سب سے بڑی تبدیلی آگئی
ابوظہبی (مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا کے مصروف ترین ائیرپورٹ دبئی انٹرنیشنل پر بدھ کے روز سے ایک ایسی نئی سہولت کا افتتاح ہورہا ہے کہ جو اس ائیرپورٹ کی اب تک کی سب سے بڑی تبدیلی ثابت ہو گی اور اس کی خوبصورتی اور سہولیات کو چار چاند لگادے گی۔
گلف نیوز کے مطابق 24 فروری سے دبئی انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی ”کونکورس ڈی“ عمارت کا افتتاح کیا جارہا ہے جس کے بعد ائیرپورٹ پر مسافروں کی سالانہ گنجائش ساڑھے سات کروڑ سے بڑھ کر 9 کروڑ تک پہنچ جائے گی، اور یہ ائیرپورٹ دنیا کی 70 سے زائد ائیرلائنوں کو خدمات فراہم کرے گا۔ دبئی انٹرنیشنل کے حکام کے مطابق 65 ہزار مربع میٹر پر محیط کونکورس ڈی کی عمارت میں مسافروں کے لئے 8ہزار نشستوں کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ 3.3 ارب درہم سے تعمیر ہونے والی اس عمارت کو 100 سے زائد ائیرلائنیں استعمال کریں گی۔
ٹرمینل ون کا حصہ کونکورس ڈی جدید ترین انداز میں تعمیر کی گئی ہے تاکہ مسافروں کو پیدل چلنے کی زحمت کم از کم کرنی پڑے اور وہ انتہائی آسانی اور سہولت کے ساتھ خریداری، کھانے پینے، اور آرام کی سہولیات سے استفادہ کرسکیں۔ جدید ترین فیشن بلیوارڈ کونکورس ڈی کا ایک خصوصی فیچر ہوگا، جس میں پرفیوم، کاسمیٹک، الیکٹرانکس، گھڑیاں، جیولری، مشروبات ، اور کھانے پینے کی ہر طرح کی اشیاءدستیاب ہوں گی۔