ٹی 20ورلڈ کپ ؛ ٹیم کو بھارت جانے کی اجازت نہیں ملی ؛ شہریار ؛ امید ہے پاکستان ضرور شرکت کریگا ، بھارتی ہائی کمشنر

ٹی 20ورلڈ کپ ؛ ٹیم کو بھارت جانے کی اجازت نہیں ملی ؛ شہریار ؛ امید ہے پاکستان ...

 لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک‘ آن لائن ) چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کہا ہے کہ حکومت نے بھارت میں ٹی20 ورلڈ کپ کھیلنے کے حوالے سے اجازت نہیں دی ، وزیر اعظم پی ایس ایل کا فائنل میچ دیکھنے دبئی نہیں جائیں گے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہریارخان کا کہنا تھا کہ حکومت سے ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے بھارت جانے کا پوچھا تھا لیکن حکومت نے ابھی تک اجازت نہیں دی وزیر اعظم سیکرٹریٹ سے بھی رابطہ کیاہے تاہم ابھی تک جواب نہیں ملا آئی سی سی کے قوانین کے مطابق اگر کوئی ٹیم ورلڈ کپ کا بائیکاٹ کرتی ہے تو اسے بھاری جرمانہ ہوتا ہے اور اگر بھارت کھیلنے نہ گئے تو آئی سی سی کی جانب سے جرمانہ ہوسکتا ہے۔ نجم سیٹھی کی جانب سے وزیر اعظم اور عمران خان کو پی ایس ایل کا فائنل دیکھنے کی دعوت کے حوالے سے شہریار خان نے بتایا کہ وزیر اعظم پی ایس ایل کا فائنل میچ دیکھنے دبئی نہیں جائیں گے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز خبریں آئی تھیں کہ وزیر اعظم نواز شریف نے چیئرمین پی سی بی کے خط کا جواب دیتے ہوئے قومی ٹیم کو بھارت میں ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کی اجازت دے دی ہے جبکہ پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمباوالے نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم اگلے ماہ بھارت میں شیڈول ورلڈ ٹی ٹونٹی میں شرکت کرے گی۔ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں گوتم بمبا والے کا کہنا تھا کہ ان کی گزشتہ رو ز پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین شہریار خان سے بھی ملاقات ہوئی ہے جہاں کرکٹ کے معاملات تو زیر بحث نہیں آئے تاہم انہوں نے چیئر مین پی سی بی کو بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا پیغام پہنچایا ہے جس میں انہو ں نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم ورلڈ ٹی ٹونٹی میں شرکت کے لیے بھارت ضرور آئے گی۔گوتم بمباوالے کا مزید کہنا تھا کہ پاکستا ن کے بغیر ورلڈ ٹی ٹونٹی کا کوئی مزہ نہیں ہوگا ، گرین شرٹس کو بھارت آمد پر سربراہ مملکت کی سکیورٹی سے بڑھ کر سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

یاد رہے کہ چیئر مین شہریار خان قومی ٹیم کے ورلڈ ٹی ٹونٹی میں شرکت کے حوالے سے وزیر اعظم نواز شریف سے دو بار خط لکھ کر اجازت طلب کرچکے ہیں تاہم ابھی تک حکومت کی جانب سے پی سی بی کو کوئی واضح جواب نہیں موصول ہوا ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی