ٹیسٹ رینکنگ ؛ ؛ ایڈم ووگز کی ترقی مصباح الحق کیلئے تنزلی کا باعث بن گئی
دبئی ( اے این این ) ٹیسٹ بیٹسمینوں میں ایڈم ووگز کی ترقی مصباح الحق کیلئے تنزلی کا باعث بن گئی، پاکستانی کپتان ٹاپ10 سے اخراج کے دہانے پر پہنچ گئے ٗیونس خان کی چھٹی پوزیشن برقرار ہے۔تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ سے ویلنگٹن ٹیسٹ میں 239رنز کی فتح گر اننگز کھیلنے والے ایڈم ووگز ایک درجہ ترقی سے ٹیسٹ بیٹسمین رینکنگ میں نویں نمبر پر پہنچ گئے، انھیں جگہ دینے کیلئے مصباح کو ایک قدم پیچھے دسویں پوزیشن پر آنا پڑا، یونس خان بدستور چھٹے درجے پر موجود جب کہ ٹاپ پوزیشن اسٹیون اسمتھ کے پاس ہے۔ایک درجہ خسارے سے نیوزی لینڈ کے کین ولیم سن اب تیسرے نمبر پر پہنچ چکے ہیں۔ قابل ذکر ترقی آسٹریلیا کے پاکستان نژاد بیٹسمین عثمان خواجہ کی ہوئی جو رواں سیزن رن مشین میں ڈھل چکے ہیں، انھوں نے6 اننگز میں 4 سنچریاں اسکور کیں، کیویز سے پہلے ٹیسٹ میں 140 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت وہ 10 درجے ترقی سے کیریئر بیسٹ 27 ویں نمبر پر پہنچ چکے، دلچسپ بات یہ ہے کہ انھوں نے سیزن کا آغاز 65 ویں پوزیشن سے کیا تھا۔ عثمان خواجہ نے اب تک 14 ٹیسٹ میں 1879 رنز اسکور کیے ہیں، ٹیسٹ بولرز رینکنگ میں یاسر شاہ تیسرا نمبر سنبھالے ہوئے ہیں۔ٹاپ پر اسٹورٹ براڈ اور دوسرے نمبر پر بھارت کے ایشون موجود ہیں، ڈیل اسٹین کا چوتھا درجہ ہے، ایک درجہ ترقی سے جوش ہیزل ووڈ ساتویں نمبر پر پہنچ گئے، انھیں جگہ دینے کیلئے ٹرینٹ بولٹ کو آٹھویں نمبر پر آنا پڑا۔ آل راؤنڈرز میں ایشون سرفہرست ، شکیب دوسرے، براڈ تیسرے، بین اسٹوکس چوتھے اور جنوبی افریقہ کے ورنون فلینڈر پانچویں نمبر پر ہیں۔ یاد رہے کہ آسٹریلیا کو بھارت سے نمبر ون ٹیسٹ پوزیشن حاصل کرنے کیلئے کیویز کو دوسرے ٹیسٹ میں مات دینا ضروری ہے، بصورت دیگر اسے تیسرے نمبر پر اکتفا کرنا پڑے گا۔