ورلڈ ٹی ٹوئنٹی پاک بھارت مقابلہ ٗ دھرم شالا کے کیوریٹرکی ہائی سکورنگ گیم کی خوشخبری

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی پاک بھارت مقابلہ ٗ دھرم شالا کے کیوریٹرکی ہائی سکورنگ گیم کی ...

دھرم شالا(اے این این ) ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں اصل مقابلہ پاکستان اور بھارت کے بیٹسمینوں میں ہوگا، دھرم شالا کے کیوریٹر سنیل چوہان نے میچ کے ہائی اسکورنگ رہنے کی خوشخبری سنائی ہے ، انھوں نے کہا کہ وکٹ میں رنز کا خزانہ چھپا اور آؤٹ فیلڈ فاسٹ ہوگی، دیکھنے والوں کو ٹی 20 کا حقیقی لطف آئے گا۔تفصیلات کے مطابق ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 19 مارچ کو دھرم شالا کے ہماچل پردیش کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، وہاں ہائی وولٹیج میچ کیلئے ایسی وکٹ تیار کی جا رہی ہے جو بیٹسمینوں کی جنت ثابت ہوگی، جس ٹیم کے بیٹسمین جتنی زیادہ پاور ہٹنگ کا مظاہرہ کریں گے وہی بازی مارلیں گے۔کیوریٹر سنیل چوہان نے کہاکہ ٹوئنٹی 20 مقابلوں کیلئے سب کو معلوم ہی ہے کہ وکٹ کیسی ہونی چاہیے، یہ بھی مختلف نہیں اوریہاں پر بیٹسمینوں کا راج ہوگا، جس قسم کی پچ ہم تیار کرنے لگے ہیں اس پر ہائی اسکورنگ مقابلے کی ہی توقع کی جا سکتی ہے۔ چوہان نے وکٹ پورے میچ کے دوران ایک جیسی رہنے کا بھی دعوی کیا، انھوں نے کہا کہ میچ کے پورے 40 اوورز کے دوران وکٹ ایک جیسی ہی ثابت ہوگی مگر آؤٹ فیلڈ فاسٹ ہوتی جائے گی۔ہم اسے ریت اور قدرتی کھاد سے تیار کررہے ہیں، اس ماہ کے آخر تک پورا گراؤنڈ سرسبز دکھائی دے گا جبکہ پچ کی تیاری ہم 24 فروری سے شروع کریں گے۔ یاد رہے کہ دھرم شالا میگا ایونٹ کے 6 کوالیفائنگ میچز کی بھی میزبانی کرے گا جو9 سے 13 مارچ تک کھیلے جائیں گے، یہاں پاک بھارت میچ سے ایک روز قبل 18 مارچ کو آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں بھی مدمقابل ہوں گی، دونوں میچزکے درمیان ہاؤس فل کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی