سابق فرانسیسی صدر نکولس سرکوزی پر انتخابی مہم میں غیرقانونی فنڈنگ کی فرد جرم عائد

سابق فرانسیسی صدر نکولس سرکوزی پر انتخابی مہم میں غیرقانونی فنڈنگ کی فرد جرم ...

پیرس (اے پی پی) پیرس میں فرانسیسی اٹارنی جنرل نے اعلان کیا ہے کہ سابق صدر نکولس سرکوزی کو2012ء میں اپنی انتخابی مہم کے لیے غیرقانونی فنڈنگ پر باقاعدہ ملزم ٹھہرا دیا گیا ہے۔اس سے قبل تحقیقاتی جج نے پورے دن سابق صدر سے پوچھ گچھ جاری رکھی کہ سابق صدر نے 2.25 کروڑ یورو کی مقررہ حد سے تجاوز پر پردہ ڈالنے کے لیے اپنی مہم کے کھاتوں میں ہیرا پھیری کی۔اٹارنی جنرل کے بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ قدامت پسند ریپبلکن پارٹی کے سربراہ کے تحقیقاتی جج کے سامنے پیش ہونے کے بعد ان پر اپنی انتخابی مہم کے لیے بطور امیدوار اخراجات کی قانونی حد سے تجاوز کرتے ہوئے غیرقانونی فنڈنگ کے حصول کی فرد جرم عائد کی گئی ہے۔

بیان کے مطابق سارکوزی پر جعلی دستاویزات کے استعمال اور اعتماد کی خلاف ورزی کے بھی الزامات ہیں۔فرانس کے 61 سالہ سابق صدر کو اپنے صدارتی دور سے متعلق متعدد مقدمات کا سامنا ہے۔ جولائی 2014 میں ان پر ایک بڑے جج سے خفیہ معلومات حاصل کرنے کے کوشش کے سلسلے میں بدعنوانی اور اپنے رسوخ کے ناجائز استعمال کا الزام بھی عائد کیا گیا۔

مزید : عالمی منظر