ادویات کی قیمتوں میں ہوشرباء اضافہ تشویشناک امرہے،میاں مقصود

ادویات کی قیمتوں میں ہوشرباء اضافہ تشویشناک امرہے،میاں مقصود

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (نمائندہ خصوصی )امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصوداحمد نے کہاہے کہ ادویات کی قیمتوں میں ہوشرباء اضافہ تشویش ناک امرہے۔حکومت ذمہ دار افراد کے خلاف فوری کاروائی کرتے ہوئے قیمتوں میں اضافے کوواپس لے۔جان بچانے والی ادویات سمیت مختلف امراض میں استعمال ہونے والی ادویات کی قیمتوں میں 60سے70 فیصد تک اضافہ انسانی جانوں سے کھیلنے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہاکہ محض پیسہ بنانے کے لئے قوانین اور اخلاقیات کی دھجیاں بکھیر دی گئی ہیں جن ادویات کی قیمتیں پاکستان میں آسمان تک پہنچ چکی ہیں بھارت میں ان کی قیمتیں معمولی ہیں۔حکومت کی مسلسل چشم پوشی عوام کے جان ومال کے نقصان کی وجہ بن رہی ہے۔جب تک ذمہ داران کے خلاف کاروائی عمل میں لاتے ہوئے انہیں قانون کے دائرہ کار میں نہیں لایا جائے گااس وقت تک انسانی جانوں سے کھیلنے کاسلسلہ بند نہیں ہوگا۔انہوں نے کہاکہ المیہ یہ ہے کہ جہاں ایک طرف سستی طبی سہولیات غریب عوام کی پہنچ سے باہر ہوچکی ہیں وہاں مارکیٹ میں ناقص اور جعلی ادویات کی بھی بھرمار ہے جن کے استعمال سے ہر سال سینکڑوں افراد موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔اس گھناؤنے کاروبار کی روک تھام کے حوالے سے ڈرگ کنٹرول اتھارٹی ودیگر متعلقہ ادارے اور حکومت اپنی آئینی وقانونی ذمہ داریاں اداکریں اور اس میں ملوث افرادکو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔میاں مقصود احمد نے کہاکہ ایسے محسوس ہوتا ہے کہ پوراملک چند بڑے ناجائزمنافع خوراور کرپٹ مافیا کے کنٹرول میں ہے۔ 18کروڑعوام کاکوئی پرسان حال نہیں ہے اور ادویہ ساز کمپنیاں،ڈسٹری بیوٹر،ریگولیٹراتھارٹی حکومتی رٹ سے مستثنیٰ ہیں۔حکومت کو اس جانب فوری توجہ دینی چاہئے اور ادویات کی قیمتوں میں ہوشرباء اضافے کو کم کرنا چاہئے۔