ایل این جی معاہدے سے صنعتوں اور گھریلو صارفین کو لوڈشیڈنگ سے نجات ملے گی،صفدر بٹ
لاہور(کامرس رپورٹر)لاہور ٹر یڈرز الائنس کے صدر اور لبر ٹی مارکیٹ کے چیئر مین صفدر علی بٹ نے پاکستان اور قطر کے مابین 16 ارب ڈالر مالیت کا لیکویفائیڈ نیچرل گیس (ایل این جی ) کی خریداری کے معاہدے کو پاکستانی عوام کیلئے اندھیرے میں روشنی کی کرن قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ ایل این جی معاہدے سے پاکستان میں توانائی کے منصوبوں ، صنعتوں اور گھریلو صارفین کو گیس کی لوڈشیڈنگ کی اذیت سے نجات ملے گی ، صنعت کا پہیہ چلنے سے بے روزگاروں اور ہنرمندوں کو روزگار ملے گااور پاکستان کی معیشت مضبوط بنیادوں پر استوار ہوگی ۔جس کا سہرا مسلم لیگ ن کی حکو مت کو جاتا ہے جنھوں نے پاک چائینہ کوریڈور کے بعد ملکی معیشت کی بہتری کے لیے دوسرا بڑا معاشی اقدام اٹھایا ہے جس کو تاجر برادری قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزتاجروں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس مو قع پر یاسر بٹ ، ملک قاسم ، رانا اخلاق ،ہیرواور دیگر مو جو د تھے ۔ صفدر بٹ نے کہاکہ لیکویفائیڈ نیچرل گیس (ایل این جی ) کی فراہمی سے ملک میں توانائی کے شعبے میں ترقی کی راہیں ہموارہونگی ، ایل این جی کی درآمد سے کم لاگت ، کارآمد اور ماحول دوست فیول کے ذریعے ملک میں قدرتی گیس کی طلب کو پورا کیا جاسکے گا، بجلی کی پیداواری لاگت میں کمی آئے گی جبکہ سی این جی اور فرٹیلائزرکے شعبوں کو فروغ ملنے کے ساتھ ساتھ غیرملکی زرمبادلہ کی بچت بھی ہوگی جبکہ دوسری جانب پنجاب حکو مت کی جانب سے لاہور میں اورنج ٹر ین لائن منصو بے کو عملی جامہ پہنانے پر وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شر یف کو مبارکباد دی ہے ۔