صحت کے شعبہ میں جاری بڑے منصوبوں کی تکمیل حکومت کی ترجیح ہے، نجم احمد شاہ

صحت کے شعبہ میں جاری بڑے منصوبوں کی تکمیل حکومت کی ترجیح ہے، نجم احمد شاہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(نمائندہ خصوصی) ورلڈ بینک کے پروگرام لیڈر ڈاکٹر انعام الحق اور سینئر ہیلتھ سپیشلسٹ ڈاکٹر طیب نے سول سیکرٹریٹ میں سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ اور سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر علی جان خا ن سے الگ الگ ملاقات کی۔اس موقع پر ڈائریکٹر پالیسی اینڈ سٹرٹیجک پلاننگ یونٹ(PSPU ) علی بہادر قاضی ، ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ ملک ظہیر عباس ، چیف پلاننگ آفیسر محکمہ صحت عبدالحق بھٹی اور محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کے افسران نے شرکت کی۔ملاقات کے دوران صوبہ میں صحت کے شعبہ میں جاری ترقیاتی پروگراموں کی صورتحال، ہیلتھ سیکٹر ڈویلپمنٹ کے سلسلہ میں آئندہ سال کیلئے منصوبہ بندی اور ترقیاتی پروگراموں میں ورلڈ بینک کے تعاون کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ نے ورلڈ بینک کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ صحت کے شعبہ میں جاری بڑے بڑے منصوبوں کی تکمیل حکومت کی ترجیح ہے تاکہ عوام صحت کی سہولیات میں اضافہ سے استفادہ کر سکیں۔انہوں نے کہاکہ ہیلتھ سیکٹر میں بہتری لانے اور شفافیت کو فروغ دینے کے لئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال بطور Toll کیا جائے گا۔نجم احمد شاہ نے کہاکہ عوام کو علاج معالجہ کی بہترسے بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے صحت کے شعبہ میں حکومت خطیر فنڈز خرچ کررہی ہے اور وزیراعلی محمد شہبازشریف کی ہدایات کی روشنی میں صحت کے شعبہ میں ریفارمز کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں ورلڈ بینک کا تعاون قابل تعریف ہے ۔سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ علی جان خان نے ورلڈ بینک کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے دور دراز علاقوں کے عوام تک طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے پرائمری اینڈ سکینڈری سطح پر کئے جانے والے اقدامات بارے آگاہ کیا۔انہوں نے بنیادی مراکز صحت ، دیہی مراکز صحت کے علاوہ تحصیل و ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں میں کی جانے والی اصلاحات ،انفراسٹرکچر کی تعمیر و مرمت ، ڈاکٹروں وطبی عملہ کی حاضری اور ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کے سلسلہ میں ہونے والی اصلاحات اور چیف منسٹر ہیلتھ روڈ میپ کے تحت اقدامات پر تفصیلی گفتگو کی ۔علی جان خان نے بتایاکہ بیماریوں کی روک تھام اور بچوں کے حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام EPI کے تحت روٹین ایمونائزیشن کی کوریج کو بہتر بنانے کیلئے ٹھوس اور عملی اقدامات کے گئے ہیں جس سے روٹین ایمونائزیشن میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جس سے بیماریوں کی روک تھام میں بہت مدد ملی ہے۔