چیف ٹریفک آفیسرنے فرائض میں غفلت پر 2انسپکٹروں کو معطل کردیا

چیف ٹریفک آفیسرنے فرائض میں غفلت پر 2انسپکٹروں کو معطل کردیا

لاہور(وقائع نگار خصوصی) چیف ٹریفک آفیسرلاہور طیب حفیظ چیمہ نے اورنج لائن ٹرین منصوبے کی تعمیر کے دوران ٹریفک کی روانی یقینی بنانے ، شہریوں کو ہر ممکن سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے تعمیراتی اور شہر کے مختلف علاقوں کا وزٹ کیا ۔انہوں نے فرائض میں غفلت،ایف سی پل پرغلط پارکنگ کے خلاف مناسب کارروائی نہ کرنے پر 2انسپکٹروں سکندر حیات اور فخرالزمان کو معطل کرکے ،ڈسپلن کورس کرنے کاحکم دیا جبکہ ڈیوٹی میں لاپرواہی کرنے والے 3 وارڈنز کوشوکاز نوٹس اور اچھی ڈیوٹی کرنے والے 7وارڈنز کو نقد انعام اور شاباش دی۔طیب حفیظ چیمہ نے انارکلی،جین مندر،ملتان روڈ کے اورنج لائن ٹرین روٹ کے تعمیراتی علاقوں اور شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک انتظامات کا جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت،ٹریفک کی روانی اور قوانین کی پاسداری سٹی ٹریفک پولیس کی اولین ترجیحات ہیں ،اس سلسلے میں تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ۔سٹی ٹریفک پولیس نے پراجیکٹ روٹ پر تین شفٹوں میں وارڈنز تعینات کررکھے ہیں تاکہ ٹریفک کی روانی میں پرابلم نہ ہوعلاوہ ازیں ڈائیورشن پر تعینات وارڈنز نرمی اور شفقت سے شہریوں کی راہنمائی کریں۔

سی ٹی او نے کہا کہ وارڈنز کا کردار ہمارے معاشرے میں رول ماڈل ہے جو کہ ہر وقت براہ راست شہریوں سے وابستہ رہتے ہیں۔ وارڈنز اپنی ڈیوٹی کو عبادت سمجھ کر کریں اور ہمہ وقت جذبہ خدمت خلق سے سرشار ہوں۔

مزید : علاقائی