گجرات : مختلف واقعات کے دوران خاتون سمیت 2 افراد قتل
گجرات (بیورورپورٹ)گجرات میں مختلف واقعات کے دوران خاتون سمیت دو افراد کو بیدردی سے قتل کر دیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق قتل کی پہلی واردات تھانہ کنجاہ کے نواحی گاؤں شادیوال میں ہوئی جہاں سرکاری کالج میں تعینات چوکیدار مشتاق احمد سکنہ قلعدار اپنے اہل خانہ کے ہمراہ گھر میں سو رہا تھا کہ نامعلوم افراد نے رات کی تاریکی میں اسکے گھر میں گھس کر اسکی چالیس سالہ بیوی صغراں بی بی کو گولیاں مار دیں جس سے وہ موقع پر دم توڑ گئی مقتولہ کے شوہر کی رپورٹ پر نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے نعش کو ضروری کاروائی کے بعد ورثا کے سپر دکر دیا گیا دوسرا واقعہ تھانہ دولت نگر کے گاؤں پڈھانہ میں پیش آیا جہاں نامعلوم وجوہات پر انصر محمود کے جوانسالہ بیٹے معظم کو اغوا کے بعد موت کے گھاٹ اتارا گیا پولیس نے نامزد افراد سمیت دیگر کیخلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ۔