مانگا منڈی پولیس ڈکیتی،چوری کی وارداتوں پر قابو پانے میں ناکام

مانگا منڈی پولیس ڈکیتی،چوری کی وارداتوں پر قابو پانے میں ناکام

مانگامنڈی (نمائندہ خصوصی) تھانہ مانگا منڈی کی پولیس ڈکیتی،چوری،راہزنی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر قابو پانے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے ۔ قابو پانے کی آڑ میں جگہ جگہ پولیس ناکے لگا کر دن رات لوگوں کو لوٹ رہی ہے ۔تفصیلات کے مطابق پولیس تھانہ مانگا منڈی کے اہلکار تین چار کی ٹولیوں میں موٹر سائیکلوں پر سوار ہوکر ملتان روڈ، موٹروے ہنڈا فیکٹری ،شامکی بھٹیاں، رائیونڈ روڈ راکو فیکٹری ،کماس روڈ پر ناکے لگا کر موٹر سائیکل سواروں،راہ گیروں کو روک کر چیکنگ کرنے کے بہانے زبردستی ایک سو روپے سے لیکر تین سو روپے نذارنہ وصول کرتے ہیں بلکہ رات کو گشت کرنے والے اہلکار مختلف ہوٹلوں میں بیٹھ کر مزے سے چائے پیتے اور فلم دیکھنے میں مصروف ہوتے ہیں ۔دوسری طرف ڈاکو اور چور وارداتیں کررہے ہوتے ہیں۔گزشتہ روز محلہ طارق آباد میں نامعلوم چور تین وارداتوں میں لاکھوں روپے مالیت کا سامان لے گئے اس کے علاوہ پنڈ باٹھ قلعہ سمیکا میں چھ مسلح ڈاکو گھر میں داخل ہوکر اہل خانہ کو یرغمال بنا کر تقریباً7لاکھ روپے مالیت کی نقدی ،طلائی زیورات لوٹ کر فرار ہوگئے۔ شہریوں اور معززین علاقہ نے سی سی پی او لاہور سے مطالبہ کیا ہے کہ بلاوجہ شہریوں کو تنگ کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

مزید : علاقائی