شیخوپورہ میں ہلاک ہونیوالے 7دہشتگردوں کے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے پولیس کے چھاپے

شیخوپورہ میں ہلاک ہونیوالے 7دہشتگردوں کے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے پولیس کے ...

لاہور(کرائم رپورٹر) ایک روز قبل سی ٹی ڈی پولیس کے ہاتھوں شیخوپورہ میں پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے 7دہشتگردوں کے مزید ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے پولیس نے چھاپے مارنے شروع کر دیئے ہیں ۔ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ سی ٹی ڈی پولیس نے کالعدم تحریک طالبان اور لشکر جھنگوی کے 10سے زائد مزید دہشتگردوں کے سہولت کاروں کو حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے اور ان سے تفتیش کا سلسلہ جاری ہے ۔ذرائع نے بتا یا ہے کہ آئی جی پولیس پنجاب کی زیر نگرانی ہونے والے اجلاس میں سی ٹی ڈی پولیس کو ہدایات جاری کی گئی تھیں کہ کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے ایسے تمام دہشتگردوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے جو دہشتگردی کی وارداتوں میں ملوث ہیں اور گزشتہ کئی سالوں سے گرفتار بھی نہیں ہو سکے اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اگر یہ دہشتگرد گرفتار نہیں ہوتے تو ان کے اہل خانہ اور دیگر سہولت کاروں کو حراست میں لیکر اصل دہشتگردوں تک رسائی حاصل کی جائے آئی جی پولیس پنجاب کی ہدایت پر ان کی گرفتاری کے لیے پنجاب کے تمام اضلاع میں خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دی گئیں جن کی نگرانی ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی پولیس رائے محمد طاہر کو سونپی گئی ۔رائے محمد طاہر نے ان دہشتگردوں کے حوالے سے موقف اختیار کیا ہے کہ اب تک لشکر جھنگوی اور کالعدم تحریک طالبان کے 20سے زائد مطلوب دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور ان کی نشاندہی پر دیگر دہشتگردوں کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔انہوں نے ایک روز قبل مقابلے میں مارے جانے والے دہشتگردوں کے بارے میں بتایا ہے کہ ان سے دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے یہ کن کن وارداتوں اور دہشتگردی واقعات میں ملوث تھے اور اس بارے میں تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں ۔

مزید : صفحہ آخر