گرفتار پائلٹ عصمت محمود کی درخواست ضمانت پرسول ایوی ایشن کے وکیل کو جواب داخل کرانے کیلئے ایک ہفتے کی مہلت

گرفتار پائلٹ عصمت محمود کی درخواست ضمانت پرسول ایوی ایشن کے وکیل کو جواب ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نامہ نگارخصوصی )لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے مبینہ طور پر شراب کے نشے میں دھت ہو کر نجی ائیر لائن کا طیارہ اڑانے والے گرفتار پائلٹ عصمت محمود کی درخواست ضمانت پرسول ایوی ایشن کے وکیل کو جواب داخل کرانے کے لئے ایک ہفتے کی مہلت دے دی ہے۔ مسٹر جسٹس طار ق عباسی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے ملزم پائلٹ عصمت محمودکی درخواست ضمانت کی سماعت کی۔ ملزم کیپٹن عصمت محمود کے وکیل حسن اقبال وڑائچ ایڈووکیٹ نے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا کہ ملزم کیپٹن عصمت محمودنے اپنی مہارت اور حاضر دماغی سے طیارے کے مسافروں کی جانیں بچائیں۔ اس حادثہ کی ذمہ داری متعلقہ ایئر لائن کمپنی کی ہے جس نے خراب جہاز پرواز کے لئے استعمال کیا اب کمپنی اپنی بد نامی کا ملبہ ملزم پائلٹ عصمت محمود پر ڈال رہی ہے ۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ ملزم عصمت محمود کے خلاف مقدمہ میں سے انسداد دہشت گردی کی دفعات خارج کردی گئی ہیں۔ملزم کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ماتحت عدالت نے عصمت محمود کی درخواست ضمانت مسترد کرتے وقت حقائق کو سامنے نہیں رکھا لہٰذا کیپٹن پائلٹ عصمت محمود کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا جائے۔سول ایوی ایشن کے وکیل نے جواب داخل کرانے کے لئے مہلت دینے کی استدعا کی جس پر عدالت نے کیس کی سماعت ایک ہفتے کے لئے ملتوی کر دی۔

مزید :

صفحہ آخر -