عوامی شکایات پر ٹاؤن میونسپل آفیسر نصیر آباد کو معطل کردیا گیا

عوامی شکایات پر ٹاؤن میونسپل آفیسر نصیر آباد کو معطل کردیا گیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو نے صوبے کے مختلف اضلاع میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات اور عوامی شکایات پر ٹاؤن میونسپل آفیسر نصیر آباد کو معطل جبکہ ایک سی ایم اور ایک ٹاؤن آفیسر کو ایک ہفتہ کے اندر اندر اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے کے احکامات دے دئیے۔ صوبائی وزیر نے تمام ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریٹرز، میونسپل کمشنر، ٹاؤن میونسپل آفیسرز اور سی ایم اوز کو واضح ہدایات دیں ہیں کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کو یقینی بنائیں اور اس سلسلے میں اب کسی قسم کی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور عوامی شکایات کی صورت میں متعلقہ افسر کے خلاف نا صرف محکمہ ذاتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی بلکہ ان کو اب ان کے گھروں پر بھیج دیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو نے بدھ کے روز سندھ بھر کے مختلف اضلاع کے ایڈمنسٹریٹرز، ، میونسپل کمشنر، ٹاؤن میونسپل آفیسرز اور سی ایم اوز سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ان کے اضلاع میں صٖفائی ستھرائی کے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ لی اور اس سلسلے میں انہیں ملنے والی عوامی شکایات پر ان سے بازپرس کی۔ صوبائی وزیر جام خان شورو نے ٹی ایم او نصیر آباد کی جانب سے شکایات پر کوئی خاطر خواہ جواب نہ دئیے جانے پر انہیں فوری طور پر معطل کردیا جبکہ انہوں نے میر پور خاص کے سی ایم او اور نوکوٹ کے ٹاؤن آفیسر کو 7 روز کے اندر اندر تمام عوامی شکایات کے ازالے اور اپنے اپنے ڈسٹرکٹ میں صفائی کے انتظامات مکمل کرنے کے احکامات دئیے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اب کسی قسم کی کوتاہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور جس جس اضلاع سے صفائی ستھرائی پر کوئی بھی شکایات موصول ہوئی اس اضلاع کے ذمہ دار افسران کو گھروں پر بھیج دیا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے میر پور خاصِ ، نوکوٹ سمیت دیگر اضلاع کے ایڈمنسٹریٹرز، ، میونسپل کمشنر، ٹاؤن میونسپل آفیسرز اور سی ایم اوز کو واضح طور پرہدایات دیں ہیں کہ وہ خود ایک ہفتہ کے بعد صوبے کے مختلف اضلاع کا سرپرائیز وزٹ کریں گے اور صفائی ستھرائی کے حوالے سے کسی بھی قسم کی کوتاہی پر متعلقہ افسر کے خلاف کارروائی کریں گے۔ جام خان شورو نے تمام افسران کو یہ بھی ہدایات دیں کہ وہ پنے اپنے اضلاع میں صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ شجر کاری کی مہم کو بھی تیز کریں اور عوامی شکایات پر فوری طور پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔