کویتی صحافیوں سے ملاقات، خلیجی بھائیوں کے دفاع کیلئے خون بھی حاضرہے:صدر السیسی

کویتی صحافیوں سے ملاقات، خلیجی بھائیوں کے دفاع کیلئے خون بھی حاضرہے:صدر ...
کویتی صحافیوں سے ملاقات، خلیجی بھائیوں کے دفاع کیلئے خون بھی حاضرہے:صدر السیسی

  

قاہرہ (مانیٹرنگ ڈیسک) مصر کے صدر اور فیلڈ مارشل عبدالفتاح السیسی نے خلیجی ممالک کے دفاع کیلئے مشروط طورپر فوج بھیجنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ خلیجی بھائیوں کے دفاع کیلئے خون بھی حاضرہے ۔

کویتی صحافیوں کے ایک وفد سے گفتگوکرتے ہوئے السیسی کاکہناتھاکہ جب بھی خلیجی بھائیوں کو اپنے دفاع کے لیے مصر کی ضرورت محسوس ہوئی تو مصر کی مسلح افواج ان کے دفاع کے لیے حاضر ہوں گے،مصری فوج پوری عرب دنیا کی فوج ہے اور مصری قوم خلیجی بھائیوں کے لیے اپنا خون دینے کو بھی تیار ہے۔اس موقع پر صحافیوں نے 1991ءمیں کویت سے عراق کا قبضہ چھڑانے میں مصری فوج کے کردار پر صدر السیسی کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

العربیہ کے مطابق مصری ایوان صدر کے ترجمان نے ایک بیان میں بتایا کہ صدر سے ملنے والے کویتی صحافیوں کے وفد نے مصر کی مسلح افواج کی خدمات اور کویت کی آزادی کے لیے دی جانے والی قربانیوں پر مصر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جہاں جہاں کویتی عوام کا خون گرا ہے وہاں وہاں مصری فوج نے بھی اپنا خون پیش کیا ہے۔صدر عبدالفتاح السیسی نے کہا کہ خلیجی ریاستوں کو جب اور جہاں سے خطرہ ہوا مصری فوج فوری کارروائی کرے گی، لیبیا میں مصر کے خلاف ہونے والی سازشوں کے باوجود ہم نے لیبیا کے اندرونی معاملات میں مداخلت مناسب نہیں سمجھی تاہم قاہرہ کی خواہش ہے کہ لیبیا میں جلد از جلد امن اورسیاسی استحکام واپس آئے۔

مزید : بین الاقوامی