احکامات کی خلاف ورزی پر سروس ٹربیونل نے سیکرٹری صحت پنجاب کو جواب سمیت طلب کرلیا

احکامات کی خلاف ورزی پر سروس ٹربیونل نے سیکرٹری صحت پنجاب کو جواب سمیت طلب ...
احکامات کی خلاف ورزی پر سروس ٹربیونل نے سیکرٹری صحت پنجاب کو جواب سمیت طلب کرلیا

  

لاہور(نامہ نگار )پنجاب سروس ٹربیونل کے جج نے احکامات کی خلاف ورزی پر سیکرٹری صحت پنجاب کو جواب سمیت ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔ پنجاب سروس ٹربیونل کے جج جوادالحسن نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار ڈاکٹر عبدالمنان کے وکیل ملک اویس خالدنے موقف اختیار کیا کہ سروس ٹربیونل نے ان کا کیا جانے والا تبادلہ معطل کر رکھا ہے،ٹربیونل کے فیصلے کے بعدنئی تعیناتی کی جگہ چارج نہ سنبھالنے پر محکمہ صحت کی جانب سے انہیں شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا۔انہوں نے عدالت کو بتایا کہ محکمہ صحت نے سروس ٹربیونل کے فیصلے کو نظر انداز کیا جو کہ واضح طور پر توہین عدالت ہے۔انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ سیکرٹری صحت کے خلاف توہین عدالت کی کاروائی عمل میں لائی جائے۔جس پر عدالت نے احکامات کی خلاف ورزی پر سیکرٹری صحت پنجاب کو جواب سمیت ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔

مزید : لاہور