رینجرز کی سیکٹر کمانڈر کانفرنس ، فرائض کے حوالے سے مزید چوکس رہنے کی ہدایت

رینجرز کی سیکٹر کمانڈر کانفرنس ، فرائض کے حوالے سے مزید چوکس رہنے کی ہدایت

 لاہور(کرا ئم سیل )پا کستان رینجر ز (پنجاب) کی سیکٹر کمانڈر کانفرنس کا انعقاد رینجرز ہیڈ کوارٹرزلاہور میں ہوا۔ ڈائریکٹر جنرل پاکستان رینجرز (پنجاب) میجر جنرل اظہرنویدحیات خان کی سر براہی میں ہونے والی اس کانفرنس میں تمام سیکٹر کمانڈراور پرنسپل سٹاف افسران شریک ہوئے ۔اجلاس میں انتظامی،تربیتی ،فلاحی اور پیشہ ورانہ تیاریوں سے متعلقہ اُمور کا جائزہ لیا گیا۔ پنجاب رینجرز کے ڈائریکٹر جنرل نے تربیت اور عسکری تیاریوں کے معیار کو سراہا اور کمانڈران کو ممکنہ آزمائشوں سے نمٹنے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔ڈی جی نے ورکنگ باؤنڈری پر تعینات جوانوں اور افسروں کے عزم و حوصلہ اورپیشہ وارانہ مہارت کو سراہا اورسرحد پار سے بلا اشتعال فائرنگ کی صورت میں بھر پور جوابی کاروائی کی ہدایت کی۔ ڈائریکٹر جنرل نے تمام سیکٹر کمانڈروں کو ممکنہ ذمہ داریوں کے لئے تیار رہنے کا حکم دیا اورسکیورٹی کی موجودہ صورتِ حال کے تناظرمیں ہر سطح پر اقدامات میں بہتری پر زوردیا۔ڈائریکٹر جنرل نے رینجرز کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان رینجرز (پنجاب) ہر نوع کے کڑے امتحان کے مد مقابل سینہ سپر رہے گی اور داخلی سلامتی کے دیگر اداروں کے شانہ بشانہ قومی امن کو درپیش خطرات سے نبرد آزمارہے گی۔

مزید : علاقائی


loading...