سیہون میں احتجاج، مظاہرین کی توڑ پھوڑ،پولیس وین جلا دی

سیہون میں احتجاج، مظاہرین کی توڑ پھوڑ،پولیس وین جلا دی

سیہون (اے این این)لعل شہباز قلندر کی درگاہ میں دہشت گردی کے بعد سیہون میں حالات کشیدہ ہوگئے ، مشتعل مظاہرین نے توڑ پھوڑ کی ، پولیس موبائل کو آگ لگادی ،مظاہرین نے سڑکیں بند کرنے کی بھی کوشش کی۔ پولیس نے احتجاج کرنے والوں کو منتشر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ اور شیلنگ کی۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سیہون شریف میں لال شہباز قلندر کے مزار میں ہونے والے دھماکے کے بعد پولیس نے مزار زائرین کے داخلہ کے لیے بند کردیا، وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کی آمد کے پیش نظر علاقے میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور اسی وجہ سے مزار کو آج صبح بھی نہیں کھولا جاسکا تاہم مزار کے باہر زائرین کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے داخلے کی اجازت نہ ملنے پر مظاہرہ کیا، پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ کی جس پر مظاہرین مشتعل ہوگئے ۔مشتعل مظاہرین پولیس کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے لعل شہباز قلندر کے مزار پر پہنچے ۔ پولیس کی جانب سے روکے جانے کے باوجود مظاہرین حصار توڑ کر مزار کے اندر داخل ہوگئے۔مظاہرین تعلقہ اسپتال سیہون کے احاطے میں پولیس اور دہشت گردی کے خلاف نعرے لگاتے اور ڈنڈے لہراتے داخل ہوئے۔مشتعل مظاہرین کو دیکھ کر اسپتال کے اندر موجود پولیس اہل کاروں نے ٹراما سینٹر اور ایڈمنسٹریشن یونٹ کے داخلی دروازے کی گرل کو اندر سے بند کرلیا۔ مشتعل مظاہرین نے گرل پر ڈنڈے برسائے اور پتھراو کیا۔اپنے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے مظاہرین باہر نکل گئے اور جہاز چوک سے ہوتے ہوئے اے ایس پی آفس کا گھیراو کرلیا اور دفتر کے باہر کھڑی پولیس وین الٹ دی۔پولیس نے بپھرے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ کی ،تھوڑی دیر کے لیے منتشر ہونے والے مظاہرین نے دوبارہ دفتر کے سامنے پہنچ کر پولیس وین کو آگ لگادی۔پولیس کی بھاری نفری اے ٹی سی اور بکتر بند گاڑیوں کیطلب کرلی گئی۔پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے شیل فائر کئے اور ہوائی فائرنگ کی ۔مشتعل افردا جہاز چوک اور اطراف کی گلیوں میں جمع ہوکر پتھراو اور نعرے بازی کرتے رہے۔اس دوران پولیس نے چار افراد کو حراست میں لے کر تشدد کیا۔بعد میں پولیس نے مشتعل مظاہرین میں شامل افراد سے مذاکرات کئے اور حراست میں لیے گئے افراد کو چھوڑ دیا گیا اور مظاہرین منتشر ہوگئے۔مشتعل مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ سیہون شریف سانحے کے ذمہ داروں کو فوری گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جائے ۔

سیہون شریف

مزید : کراچی صفحہ اول


loading...