دبئی میں ’ ٹرمپ انٹرنیشنل گولف کلب‘ کے افتتاح کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں

دبئی میں ’ ٹرمپ انٹرنیشنل گولف کلب‘ کے افتتاح کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں
دبئی میں ’ ٹرمپ انٹرنیشنل گولف کلب‘ کے افتتاح کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں

  


دبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) متحدہ عرب امارات کے پراپرٹی ٹائیکون حسین سجوانی نے دبئی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام پر ”ٹرمپ انٹر نیشنل گولف کلب “ کے افتتاح کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں جو آج رات کیا جائے گا، افتتاحی تقریب میں شرکت کیلئے ڈونلڈ ٹرمپ کے بیٹے ایرک اور ٹرمپ جونیئر بھی دبئی پہنچ چکے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق دبئی کے پراپرٹی ٹائیکون حسین سجوانی کی دماق پراپرٹیز اور امریکی صدر کی کمپنی کاروباری شراکت دار ہیں۔ دماق پراپرٹیز نے 2011 میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کمپنی کی شراکت سے دبئی کے صحرا میں لگژری رہائش گاہوں اور کلب ہاﺅسز کی تعمیر کی تھی ۔

گزشتہ سال ایسے وقت میں جب ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ مسلمانوں کے خلاف زہر اگلنے میں مصروف تھے ایسے میں حسین سجوانی نے سیاست کی پرواہ نہ کرتے ہوئے اپنے دوست ڈونلڈ ٹرمپ کے نام پر ان کی شراکت سے گولف کورس بنانے کا فیصلہ کیا۔ دماق پراپرٹیز کی جانب سے دبئی میں ” ٹرمپ انٹرنیشنل گولف کلب“ کی تعمیر مکمل کی جا چکی ہے جس کا آج (ہفتہ کی) شام افتتاح کیا جائے گا۔

گولف کلب کی افتتاحی تقریب میں شرکت کیلئے امریکی صدر کے بیٹے ایرک اور ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر بھی دبئی پہنچ چکے ہیں ۔ دونوں بھائیوں نے دوپہر کے وقت حسین سجوانی کے کاروباری دوستوں کے ساتھ لنچ میں شرکت کی جبکہ رات کووہ گولف کلب کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آئین کے تحت اپنا تمام کاروبار ایک ٹرسٹ کے حوالے کردیا تھا۔ ” ٹرمپ آرگنائزیشن “ کے نام سے یہ ٹرسٹ امریکی صدر کے یہی دونوں بیٹے ایرک اور ٹرمپ جونیئر چلا رہے ہیں۔

مزید : عرب دنیا


loading...