آئی پی ایل ،کھلاڑیوں کی نیلامی 20فروری کو ہو گی ،کون ساکرکٹر کتنے میں’’ بکے‘‘ گا ؟ کس کھلاڑی کی بولی کہاں سے شروع ہو گی،سب سے مالدار اور سب سے ’’غریب‘‘ فرنچائزکون سی ہے ؟دلچسپ معلومات سامنے آ گئیں
نئی دہلی(ڈیلی پاکستان آن لائن) انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کا 10واں ایڈیشن 5 اپریل سے حیدرآباد میں شروع ہو رہا ہے، ٹی 20 کرکٹ کے اس مشہور’’دنگل‘‘ کے شروع ہونے سے پہلے دو روز بعد یعنی 20فروری کے دن بنگلور میں کھلاڑیوں کی نیلامی ہو گی اور 351ملکی و غیر ملکی کرکٹرز کی ’’بولی ‘‘ لگے گی ،کون سا کھلاڑی نیلامی میں زیادہ پیسوں میں بکے گا ؟ کس کھلاڑی کی بولی کہاں سے شروع ہو گی اور کون سی فرنچائز سب سے زیادہ امیر اور کون سی سب سے زیادہ ’’غریب ‘‘ ہے دلچسپ معلومات سامنے آ گئیں ۔
تفصیلات کے مطابق انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کا 10واں ایڈیشن 5 اپریل سے حیدرآباد میں شروع ہو رہا ہے جبکہ کھلاڑیوں کی نیلامی 20 فروری کو ہو گی جہاں تمام فرنچائزرز اپنے اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو منہ مانگی قیمت میں خریدیں گے ،اس سے پہلے آئی پی ایل میں 799کرکٹرز کی بولی کے لئے دستیاب ہوتے تھے لیکن اب ان کی تعداد کم کر دی گئی ہے ،نیلامی میں 226بھارتی اور 125غیر ملکی کرکٹرز شامل ہوں گے ، جن میں ایسوسی ایٹ ممالک کے 6 کھلاڑی (افغانستان کے 5 اور متحدہ عرب امارات کا 1 ) بھی ہیں، لیکن حسب سابق کرکٹ کے اس میدان میں بھی کسی معروف پاکستانی کرکٹرز کے بارے میں ہندوستانی میڈیا یا کرکٹ مبصرین اور فرنچائزرز کی ’’فہرستوں ‘‘ میں کہیں نام سامنے نہیں آ یا ۔آئی پی ایل کی تاریخ میں پہلی بار ایسوسی ایٹ ممالک کے کھلاڑیوں کو نیلامی کی فہرست میں جگہ ملی ہے ۔ آئی پی ایل فرنچائزز نے اس سیزن میں 44 غیر ملکی کھلاڑیوں سمیت کل 140 کرکٹرز کو پھر سے اپنی ٹیموں کا حصہ بنایا ہے جبکہ 63 کھلاڑی ایسے ہیں جن کو فرنچائزرز نے فارغ کر دیا ہے ۔
آئی پی ایل 2017ء کے سیزن کے لئے تمام فرنچائزز کے پاس مجموعی طور پر کھلاڑیوں کو خریدنے کے لئے ایک ارب 33کروڑ 33لاکھ روپے کی خطیر رقم دستیاب ہو گی ،اس رقم سے76ملکی اور 28غیر ملکی کھلاڑیوں کو خریدا جائے گا ۔آئی پی ایل کے ہر سیزن کی طرح اس بار بھی کئی نئے کھلاڑی نیلامی میں توجہ کا مرکز رہیں گے ۔آئی پی ایل میں سب سے امیر ٹیم یا فرنچائزر’’کنگ الیون پنجاب ‘‘ ہے جس کے پاس کھلاڑیوں کو خریدنے کے لئے 23کروڑ 35لاکھ کی رقم دستیاب ہے جبکہ سب سے غریب ٹیم ’’ممبئی انڈینز‘‘ ہے جس کے پاس کھلاڑیوں کو خریدنے کے لئے 11کروڑ 5لاکھ روپے کی رقم موجود ہو گی ۔دہلی ڈریلوز21کروڑ0 5لاکھ ،سن رائزرز حیدر آباد20کروڑ 90لاکھ ،کولکتہ نائٹ رائیڈرز19کروڑ75لاکھ ،رائزنگ پونے سپر جیٹس19کروڑ ایک لاکھ ،گجرات لائنز 14کروڑ 35لاکھ اور رائل چیلنجرز 12کروڑ 8لاکھ روپے کی رقم سے کھلاڑیوں کو خریدنے کے لئے میدان میں اتریں گی ۔ 351 کھلاڑیوں کی نیلامی کی لسٹ میں کئی ایسے باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں، جنہیں خریدنے کی دوڑ میں تمام فرنچائزز آپس میں ٹکرائیں گے۔
آئیے نظر ڈالتے ہیں ٹاپ فائیو ایسے کھلاڑیوں پر جنہیں حاصل کرنے کے لئے ٹیمیں لگا سکتی ہیں بڑی سے بڑی بولی۔
انگلینڈ کے بین سٹوکس دنیا کے سب سے بہترین آل راؤنڈر شمار ہوتے ہیں، جنوری 2015ء کے بعد سے سٹوکس کا ٹی 20 کرکٹ میں اسٹرائک ریٹ 147,20کا رہا ہے جو ان کے کیریئر اسٹرائک ریٹ سے بھی بہتر ہے، بیٹنگ کے ساتھ ساتھ باؤلنگ میں بھی اپنے جوہر دکھانے والے بین سٹوکس، 29.42 کی اوسط سے 38 ٹی ٹوئنٹی وکٹیں بھی حاصل کر چکے ہیں۔
سٹوکس کے ہم وطن اور پاکستان سپر لیگ ادھوری چھوڑ کر انگلینڈ واپس جانے والے ابتدائی بلے باز جیسن رائے کا کیرئیر سٹرائیک ریٹ 143,88ہے ،گذشتہ سال بھارت میں منعقد ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شاندار کارکردگی دکھانے والے جیسن رائے نے حال ہی میں بھارت کے خلاف ون ڈے سیریز میں بھی 3لگاتار نصف سینچریاں بنا کر اپنی ’’اہمیت اور افادیت‘‘ بڑھا لی ہے ،اس سے پہلے جیسن رائے ممبئی انڈینز کی طرف سے آئی پی ایل میں نمائندگی کر چکے ہیں تاہم آئی پی ایل کی اس ٹیم کے ساتھ جیسن کا’’ سفر ‘‘ کوئی اچھا نہیں تھا لیکن حالیہ فارم کے طور پر وہ نہ صرف ٹیموں کی توجہ اپنی طرف مبذول کر سکتے ہیں بلکہ ان کی بھی ’’بڑی بولی ‘‘ لگنے کی توقع کی جا رہی ہے ۔
آسٹریلین طوفانی بلے باز بین ڈنک نے ٹی ٹوئنٹی کی دوسری بڑی’’آسٹریلین بیش لیگ‘‘کے حالیہ سیزن میں 52کی بہترین اوسط کے ساتھ 164کے سٹرائیک ریٹ کے ساتھ364رنز بنائے ،آئی پی ایل میں اس آسٹریلوی کھلاڑی کی بھی بڑی بولی لگنے کی توقع ہے لیکن دیکھنا یہ ہے کہ بین ڈنک کتنے پیسوں میں ’’بکتے ‘‘ ہیں ۔
افغانستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد نبی نے دنیائے کرکٹ کے نقشے پر اپنے ملک کا نام روشن کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے ،جس کی وجہ سے انہیں پہلی مرتبہ آئی پی ایل کی نیلامی والی فہرست میں شامل کیا گیا ہے ،محمد نبی ٹی ٹوئنٹی کے ان ٹاپ 10کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہوں نے گذشتہ 2سالوں میں 600رنز بنانے کے ساتھ 60وکٹیں بھی حاصل کی ہیں جبکہ گزشتہ سال ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ٹورنا منٹ میں محمد نبی سب سے زیادہ12وکٹیں لینے والے کھلاڑی قرار پائے تھے ،کرکٹ مبصرین کا کہنا ہے کہ افغانستان کے اس کھلاڑی کی ’’نیلامی ‘‘بھی توقع سے زیادہ پیسوں میں ہوگی ۔
کچھ عرصہ قبل ہی نیوزی لینڈ الیون کا حصہ بننے والے کولن ڈی گرینیڈیوم بڑے بڑے چھکے لگانے کی شہرت رکھتے ہیں ،نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا یہ آل راؤنڈر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 500رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں سب سے بہتر سٹرائیک ریٹ 170.54کے ساتھ سرفہرست ہے ،کولن ڈی گرینڈویم باؤلنگ میں بھی میڈیم پیس سے بلے بازوں کے لئے مشکلات پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ،کرکٹ مبصرین نیوزی لینڈ کے اس کرکٹر کی بھی’’ اچھی نیلامی‘‘ کے منتظر ہیں ۔
آئی پی ایل کے اس سیزن میں 7 ایسے کھلاڑی ہیں، جن کی بولی 2کروڑ روپے سے زیادہ سے شروع ہو گی ،ان 7کھلاڑیوں کی فہرست میں صرف ایک بھارتی کرکٹر ایشانت شرما شامل ہیں لیکن حیرت انگیز طور پر انہیں بھی ان کی فرنچائز ’’پونے سپر جیٹس ‘‘نے فارغ کر دیا ہوا ہے۔باقی 6کھلاڑیوں میں آسٹریلیا کے مچل جانسن ، پیٹ کمنز،انگلینڈ کے این مورگن ،کرس ووکس اور سری لنکا کے اینجلیو متھیوز کی نیلامی میں ابتدائی قیمت سب سے زیادہ پیسوں میں شروع ہو گی ۔آئی پی ایل کے گذشتہ ایڈیشنز کی طرح اس بار بھی نیلامی میں کئی سرپرائزڈ دیکھنے میں ملیں گے ،جبکہ تمام فرنچائزرز نے اپنے اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کی فہرست مرتب کر لی گئی ہے ،اب بس کرکٹ کے ’’اس بازار ‘‘ میں کھلاڑیوں کی بولی لگنے کا انتظار ہے ۔