برطانیہ میں پاکستانی تاجروں کیلئے سرمایہ کاری کے بہت مواقع ہیں لارڈ نذیر احمد

برطانیہ میں پاکستانی تاجروں کیلئے سرمایہ کاری کے بہت مواقع ہیں لارڈ نذیر ...

لاہور(کامرس رپورٹر) ممبر برٹش پارلیمنٹ لارڈ نذیر احمد نے لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید، سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید اور دیگر ممبران سے لاہور چیمبر میں ملاقات میں کہا ہے کہ برطانیہ کے بہت سے شعبوں میں پاکستانی تاجروں کے لیے بہت اچھے مواقع ہیں جن سے باہمی روابط میں اضافے اور جدید کاروباری تکنیکوں کے ذریعے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔ ظفر اقبال چودھری، اویس سعید پراچہ، نعیم حنیف، شاہد نذیر، ظفر اقبال، محمد وسیم اور محمد چودھری بھی اس موقع پر موجود تھے۔ لارڈ نذیر احمد نے کہا کہ جن ممالک میں نجی شعبہ فعال ہے وہی معاشی لیڈرز کا کردار ادا کررہے ہیں، پاکستانی نجی شعبہ ملک کو معاشی قوت بنانے کی صلاحیت رکھتاہے لہذا انہیں آگے آنا چاہیے۔ انہوں نے دوطرفہ تجارت میں اضافے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی میں مصروف ہے لیکن انہوں نے عالمی فورمز پر بھارتی پراپیگنڈے کا جواب دیا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید نے کہا کہ پاکستان کی تاجر برادری کو لارڈ نذیر سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں، انہوں نے ہاؤس آف لارڈ میں جس طرح کشمیر کے حق میں آواز بلند کی اسے سب قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک بہترین ابھرتی ہوئی منڈی ہے جو برطانوی سرمایہ کاروں کے لیے بہت کشش رکھتی ہے۔ پاکستان میں سکیورٹی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے ، انجینئرنگ، ای کامرس اور ووکیشنل ٹریننگ کے شعبوں میں باہمی تعاون کی گنجائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی وفود کا تبادلہ اور نمائشوں میں شرکت ایک دوسرے کو جاننے اور ضروریات سے آگاہی کے اچھے ذرائع ہیں، دونوں ممالک کے تاجروں کو اس جانب زیادہ توجہ دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان بہترین دوستانہ تعلقات ہیں جن سے فائدہ اٹھاکر تجارت مزید بڑھانی چاہیے، برطانیہ پاکستان کے لیے پانچ بڑی برآمدی منڈیوں میں شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کی بڑی تعداد برطانیہ میں مقیم ہے اور اس کی ترقی کے لیے کام کررہی ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ وفد کا دورہ بڑا بہترین ثابت ہوگا اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری مزید بہتر ہوگی۔

مزید : کامرس


loading...