پاکستان پوسٹ اور نیشنل بینک کے درمیان ایم او یو کا فیصلہ
اسلام آباد(آن لائن) پاکستان پوسٹ اور نیشنل بینک آف پاکستان نے ایک دوسرے کے صارفین کو سہولتوں کی فراہمی کے لیے معاہدہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔معاہدے کے تحت پاکستان پوسٹ کی جانب سے نیشنل بینک کے صارفین کو دوردراز علاقوں میں رقوم کی منتقلی اوردورافتادہ علاقوں کے ڈاک خانوں میں اے ٹی ایم کی تنصیب جیسی سہولتیں فراہم کی جائیں گی جبکہ نیشنل بینک کی جانب سے بھی پاکستان پوسٹ کو ادائیگیوں اور کیش مینجمنٹ میں معاونت دی جائے گی۔ذرائع کے مطابق نیشنل بینک اور پاکستان پوسٹ نے ایک دوسرے کے صارفین کو رقوم کی منتقلی ( ترسیلات زر) سمیت متعدد سہولتوں کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے۔
جس کے لیے نیشنل بینک اور پاکستان پوسٹ کے درمیان ایم او یو سائن کیا جائے گا، اس مقصد کے لیے آئندہ چند دنوں میں اسلام آباد میں تقریب کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔