ثقلین مشتاق پشاور زلمی کے سپن باؤلنگ کنسلٹنٹ مقرر

ثقلین مشتاق پشاور زلمی کے سپن باؤلنگ کنسلٹنٹ مقرر
ثقلین مشتاق پشاور زلمی کے سپن باؤلنگ کنسلٹنٹ مقرر

  

لاہور(سپورٹس رپورٹر) دفاعی چمپیئن پشاورزلمی نے سابق سپنر ثقلین مشتاق کو ٹورنامنٹ کے تیسرے ایڈیشن کے لیے اپنے کوچنگ اسٹاف میں شامل کرتے ہوئے سپن باؤلنگ کنسلٹنٹ مقرر کردیا ۔پشاور زلمی کا کہنا تھا کہ ہیڈ کوچ محمد اکرم کو اب عظیم آف سپنر ثقلین مشتاق کا تعاون بھی حاصل ہوگا ۔سپن باؤلنگ کے شعبے میں دوسرا گیند متعارف کروانے والے سابق عظیم باؤلرآج دبئی میں ٹیم میں شامل ہوں گے۔یاد رہے کہ ثقلین مشتاق کو اسپن باؤلنگ کی کوچنگ کا وسیع تجربہ حاصل ہے اور اس سے قبل انھوں نے انگلینڈ کی قومی ٹیم کے اسپن باؤلنگ کوچ کے طور پر کام کیا تھا تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ساتھ کبھی کام نہیں کیا تھا۔پی ایس ایل کے تیسرے سیزن کا آغاز 22 فروری کو دبئی میں ہوگا جہاں پشاور زلمی کی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرتے ہوئے افتتاحی میچ ملتان سلطانز کے خلاف کھیلے گی۔

پشاور زلمی کو سابق کپتان شاہد آفریدی کی خدمات اس مرتبہ حاصل نہیں ہوں گی کیونکہ وہ ٹیم چھوڑ کر کراچی کنگز میں شامل ہوچکے ہیں جہاں وہ عماد وسیم کی قیادت میں کھیلیں گے۔پی ایس ایل کا افتتاحی سیزن اسلام آباد یونائیٹڈ نے جیت کر اولین چمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی