کھیل کے میدان صحت مند قوم کی ضمانت ہیں : رانا محمد ارشد
لاہور (پ ر) وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر خاص رانا محمد ارشد نے کہا ہے کہ جن ممالک میں کھیل کے میدان آباد ہوتے ہیں، ایسے معاشروں کے بچے نہ صرف صحت مند بلکہ امستقبل میں ملک و قوم کا نام روشن کرتے ہیں اور یہ بات خوش آئند ہے کہ پاکستان کے میدان بھی بحال ہونے شروع ہوچکے ہیں اور اب پاکستان کا مستقبل بھی روشن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیک گروپ آف انسٹیٹیوٹ ٹیوشنز کے زیر اہتمام منعقدہ 14 سالانہ سپورٹس گالا کی اختتامی تقریب میں کیا۔ تقریب سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بیٹسمین بابر اعظم، ہاکی اولمپیئن خواجہ جنید، نوید عالم اور خالد ڈار نے کہا کہ یونیک گروپ نے جونیئر سکول لیول پر جس محنت اور لگن سے بچوں کی کھیل کے میدان میں رہنمائی کی وہ قابل ستائش ہے۔ آخری روز بچوں کے درمیان کلاؤن ریس، رسہ کشی اور ریلے ریس کے مقابلے ہوئے اور جیتنے والے بچوں میں مشیر وزیراعلیٰ پنجاب رانا محمد ارشد نے انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن یونیک گروپ پروفیسر جہانزیب انور ملک کے علاوہ والدین، اساتذہ اور طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔