چیئرمین سٹیئرنگ کمیٹی کا دورہ اورنج ٹرین ڈپو،کام کا جائزہ لیا

چیئرمین سٹیئرنگ کمیٹی کا دورہ اورنج ٹرین ڈپو،کام کا جائزہ لیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( جنرل رپورٹر) سٹیرنگ کمیٹی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان نے بتایا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت کے مطابق اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کو فاسٹ ٹریک پر مکمل کیا جا رہا ہے تاکہ عام آدمی اس سے جلد از جلد مستفید ہو سکے۔ٹرین کے لئے ابھی تک بچھائی جانے والی پٹری کی ٹیسٹنگ شروع کر دی ہے اور اس کا معیار تسلی بخش ہے ۔ تعمیراتی کام والے علاقوں میں شہریوں کو پانی ‘بجلی ‘گیس اور دیگر یوٹیلٹی سروسز کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں اور اس سلسلے میں متعلقہ محکموں کو سختی سے ہدایات جار ی کردی گئی ہیں۔وہ گزشتہ روز ڈیرہ گجراں میں ڈپو کے معائنے کے موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کر رہے تھے۔بعد ازاں انہوں نے جی ٹی روڈ پر تعمیر کئے جانے والے پہلے چار سٹیشنوں ڈیرہ گجراں‘اسلام پارک‘سلامت پورہ اور محمود بوٹی کا بھی معائنہ کیا ۔ ان سٹیشنوں کا اوسطاً 95فیصد کام مکمل کیا جاچکا ہے اور باقی پانچ فیصد اسی ماہ ختم کرنے کے لئے اضافی لیبر لگا دی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اورنج لائن کے ٹریک پر 10کلومیٹر طویل پٹری بچھالی گئی ہے‘ڈیرہ گجراں سے محمود بوٹی تک چار کلومیٹر راستے کو ماہ رواں میں مکمل کر لیا جائے گا ۔ اس موقع پر چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید‘جنرل منیجر نیسپاک سلمان حفیظ اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران کے علاوہ منصوبے کے چینی کنٹریکٹر سی آر نورنکو اور چائنہ انجینئر نگ کنسلٹنس کے نمائندے اور مقامی کنٹریکٹرز بھی موجود تھے
احمد حسان