علامہ اقبال اور ترک شاعر محمد عاکف مسلمان قوم کا عظیم اثاثہ ہیں ، ڈاکٹر فخر الحق نوری

علامہ اقبال اور ترک شاعر محمد عاکف مسلمان قوم کا عظیم اثاثہ ہیں ، ڈاکٹر فخر ...

لاہور (خصوصی رپورٹ) ترک مرکز ثقافت کے زیر انتظام یونس ایمرے انسٹیٹیوٹ اور پنجاب یونیورسٹی اورئینٹل کالج کے زیر اہتمام دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس منعقد کی گئی، جس میں مفکر پاکستان، شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال اور ترکی کے قومی شاعر محمد عاکف کی شاعری اور دونوں عظیم شعرأ کرام کی ’’فکری مماثلت اور تہذیبی اشتراک‘‘ کو ہم آہنگ کرکے ہم آہنگ سوچ کو اجاگر کرنے کی کوشش کی گئی۔کانفرنس کی ابتدائی اور تعارفی تقریب پنجاب یونیورسٹی نیو کیمپس کے الرازی ہال میں تلاوت قرآن مجید سے ہوئی۔ خطبہ استقبالیہ پروفیسر ڈاکٹر خلیل طوقار، ڈائریکٹر ترک مرکز ثقافت لاہور نے پیش کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر، ڈاکٹر سعادت سعید، ڈاکٹر کامران، ڈاکٹر زاہد منیر، ڈاکٹر سید شاہد اکرام اور کنسلٹنٹ صدر پاکستان فاروق عادل نے خطاب کیا اور اس کانفرنس کے انعقاد پر متعلقہ اداروں کی تعریف کی جبکہ پہلے دن کی دوسری تقریب میں ترکی سے آئے ہوئے آٹھ معزز پروفیسروں نے حضرت اقبال اور محمد عاکف کی شاعری اور اس کی جدت پر اپنے اپنے مقالہ جات پڑھے، جسے حاضرین اور ادبی حلقہ میں خاصی پذیرائی ملی۔ اس کے ساتھ ساتھ اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ مستقبل میں پاکستان کی مختلف یونیورسٹیوں کے سکالرز ترکی جا کر محمد عاکف کے حوالے سے تحقیق پر مبنی بہترین اور معیاری مقالہ جات پیش کریں تاکہ مماثلت سوچ کے مزید مثبت پہلو اجاگر ہوں اور دونوں شعرأ کی اس سوچ کو عملی جامہ پہنانے میں مدد ملے جس کا انہوں نے اپنی شاعری میں جامع اظہار بھی کیاہے، کیونکہ دونوں کی شاعری کا مرکزی نقطہ عالمی تغیرات، یقین ذات، تلقین عمل اور تحریک حیات پر ہے۔کانفرنس کے دوسرے اور آخری روز کی تقریبات کا انعقاد اورئینٹل کالج علامہ اقبال کیمپس پنجاب یونیورسٹی کے شیرانی ہال میں کیا گیا جس کی صدارت پروفیسر ایمریطس ڈاکٹر خواجہ محمد زکریا نے کی جبکہ ڈاکٹر فاطمہ حسن بھی ہم نشست تھیں۔ دوسری نشست کی صدارت ڈاکٹر فخرالحق نوری پرنسپل اورئینٹل کالج نے کی، پہلی نشست میں ڈاکٹر رفیع الدین ہاشمی، ڈاکٹر بصیرہ عنبرین، ڈاکٹر خالد سنجرانی، ڈاکٹر قاضی عابد، ڈاکٹر آصف اعوان، ڈاکٹر مجاہد سیال، ڈاکٹر اقبال شاہد اور ڈاکٹر عارفہ شہزاد نے مقالہ جات پیش کیے اور حاضرین سے بے حد داد وصول کی۔ طلباء نے کلام اقبال بھی پیش کیا تاکہ نئی نسل کو حضرت اقبال کے تصوف اور افکار عالیہ بارے جان کاری دی جائے۔ کانفرنس میں نظامت ڈاکٹر ضیاء الحسن نے کی۔آخر میں پرنسپل اورئینٹل کالج اور ڈین شعبہ اردو نے حاضرین اور ترکی مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد پر ترک مرکز ثقافت کے ڈائریکٹر ڈاکٹر خلیل طوقار، کوارڈنیٹر شکیل گیلانی اور معاون رضا محمود کو مبارکباد دی اور کہا کہ ڈاکٹر علامہ محمد اقبال اور محمد عاکف مسلمان قوم کا اثاثہ عظیم ہیں۔

ترک شاعر

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...