جماعت اسلامی لاہورکی ٹریفک آگاہی مہم،شہریوں میں پمفلٹ تقسیم

جماعت اسلامی لاہورکی ٹریفک آگاہی مہم،شہریوں میں پمفلٹ تقسیم

لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ ٹریفک قوانین کی پاسداری ہر مہذب شہری کی ذمہ داری ہے ۔دنیا کے تمام ترقی یافتہ ممالک کے شہری ٹریفک قوانین سمیت قو می قوانین کا احترام اپنا فرض سمجھتے ہیں ان خیالا ت کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے جوہر ٹاؤن اللہ ہو چوک میں ٹریفک قوانین کے حوالے سے ٹریفک آگاہی مہم کے دوران موٹرسائیکل اور گاڑی ڈرائیوروں میں پمفلٹ تقسیم کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اس ٹریفک آگاہی مہم کو کامیاب بنائیں اور ڈرائیوروں کو چاہیے کہ وہ غفلت اور لاپرواہی سے گریز کریں تاکہ انسانی جانوں کا تحفظ کیا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ والدین کی اولین ذمہ داری ہے کہ اپنے کم عمر بچوں کو گاڑی یا موٹرسائیکل چلانے سے منع کرنا ہوگا۔ نوجوان موٹرسائیکل چلاتے وقت ہیلمٹ کے استعمال کو یقینی بنائیں تاکہ اپنی زندگی کے ساتھ دوسروں کی زندگیوں کو بھی محفوظ بنایا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کے استعمال سے پرہیز کریں اور پیدل چلنے والوں کا خیال رکھیں اگر اہم اپنی ذمہ داری پوری کریں گے اور ایک ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں تو بہت سی قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کو روکا جا سکتا ہے۔ ذکر اللہ مجاہد نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوا م میں ٹریفک قوانین کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کے لیے شہر بھر کی اہم شاہراہوں اور چوکوں پر باقاعدہ ٹریفک آگاہی مہم کا آغاز کیا جائے ۔

جماعت اسلامی

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...