امریکی صدارتی انتخابات میں مداخلت کا الزام ،13روسی باشندوں پر فرد جرم عائد

امریکی صدارتی انتخابات میں مداخلت کا الزام ،13روسی باشندوں پر فرد جرم عائد

 واشنگٹن (آئی این پی)امریکی صدارتی انتخابات میں روسی مداخلت کی تفتیش کرنیوالی وفاقی گرینڈ جیوری نے 13روسی شہریوں پر فرد جرم عائدکردی جن میں سینٹ پیٹرزبرگ کے 12ملازمین شامل ہیں، روس میں قائم کمپنی نے ماسکو کی جانب سے آن لائن سرگرمیوں میں اثر و رسوخ استعمال کیا۔فرد جرم میں انٹرنیٹ ریسرچ ایجنسی کا نام لیا گیا ہے جو روسی حکومت کے پروپیگنڈا کا ایک ادارہ ہے۔انٹرنیٹ ریسرچ ایجنسی پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ 2016 کے امریکی صدارتی انتخابات کے دوران انتخابات و سیاسی عمل سے متعلق کارروائیوں میں ملوث رہی ہے۔دستاویز کے مطابق اس ادارے کے 13ملازمین پر 2014 سے لے کر اب تک امریکہ کو ہدف بناتے ہوئے مداخلت پر مبنی کارروائیاں کرنے کا الزام بھی لگایا گیا ہے۔معاون اٹارنی جنرل روڈ روزنٹائن کا کہنا تھا اس کا مقصد امریکہ میں نااتفاقی کو فروغ دینا تھا، تا کہ جمہوریت پر عوامی اعتماد کو دھچکا پہنچایا جاے،بقول ان کے، ہمیں اِس بات کی اجازت نہیں دینی چاہیے کہ وہ کامیاب ہوں۔اسپیشل کو نسل رابرٹ ملر کے دفتر نے فردِ جرم کا اعلان کیا ہے۔روسیوں کی جانب سے انتخاب میں مداخلت کے بارے میں ملر کی تفصیلی چھان بین کے نتیجے میں ٹرمپ انتخابی مہم کے سابق سربراہ پال منافورٹ اور ان کے ساتھی رِک گیٹس پر فردِ جرم عائد کی جا چکی ہے۔ٹرمپ کے قومی سلامتی کے سابق مشیر مائیکل فلن اور خارجہ پالیسی سے متعلق انتخابی مہم کے مشیر جارج پپادوپولس انتخابی مہم اور عبوری دور میں روسی عہدیداروں سے اپنے روابط کے بارے میں ایف بی آئی سے دروغ گوئی کا اقرار جرم کر چکے ہیں۔

مزید : علاقائی


loading...