واشنگٹن ،50رکنی امریکی طلبہ وفد کا پاکستانی سفارتخانے کا دورہ

واشنگٹن ،50رکنی امریکی طلبہ وفد کا پاکستانی سفارتخانے کا دورہ

واشنگٹن (آئی این پی) اقوام متحدہ کی طرز پر قائم جنوبی امریکہ دعوتی کانفرنس کے 50رکنی طلبہ کے وفد نے واشنگٹن میں پاکستانی ایمبیسی کا دورہ کیا، مشن کے نائب سربراہ رضوان سعید شیخ نے طلباء کو پاک امریکہ تعلقات پر بریفنگ دی اور دونوں ممالک کے مابین تعلقات کی اہمیت کے بارے میں آگاہ کیا، رضوان سعید نے پاکستان اور امریکہ کے مابین تعلیم، ثقافت، معیشت، دفاع اور دیگر شعبوں میں تعلقات پر روشنی ڈالی، طلبہ کے وفد نے پاکستان اور اس کے خطے اور عالمی سطح پر اہم کردار کو جاننے میں خصوصی دلچسپی لی۔ہفتہ کو یونیورسٹی آف ڈیٹرائٹ ہائی اسکول اور پاک ٹیوڈر ہائی سکول کے طلبہ کے 50رکنی وفد نے 6اساتذہ کے ہمراہ واشنگٹن میں پاکستانی ایمبیسی کا دورہ کیا، طلبہ کا وفد نیمن(اقوام متحدہ کی طرز پر قائم جنوبی امریکہ دعوتی کانفرنس) میں شرکت کیلئے واشنگٹن میں موجود ہے جس کا انعقاد 15فروری سے 18فروری تک کیا جا رہا ہے، نیمن کانفرنس ہائی اسکول طلبہ کیلئے اقوام متحدہ کی طرز پر قائم قدیم ترین تنظیم ہے، چار روز کیلئے تین ہزار سے زائد طلبہ ہر سال اس میں شرکت کرتے ہیں، مشن کے نائب سربراہ رضوان سعید شیخ نے طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں اقوام متحدہ کے ماحول کے بارے میں آگاہ کیا اور انہیں اپنی پوزیشن مستحکم کرنے کیلئے مفید مشورے دیئے۔

مزید : علاقائی