قومی اثاثوں کی نجکاری مسترد ،پیپلز پارٹی کااحتجاجی مہم شروع کرنے کا اعلان
اسلام آ با د(آ ئی این پی)پاکستان پیپلزپارٹی نے قومی اثاثوں کی نجکاری کو مسترد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے احتجاجی مہم شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ ہفتہ کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کے چیئرمین پیپلزپارٹی کے سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن )کی حکومت کو پاکستان انٹر نیشنل ایئرلائن اور پاکستان اسٹیل ملز کی نجکاری کا اختیار نہیں ہے۔ لیگی حکومت اپنی نا اہلی چھپانے کے لیے ایمر جنسی میں پی آئی اے کی نجکاری کر رہی ہے۔ حکومت کو آخری ایک ماہ میں پی آئی اے کی نجکاری کرنے کی کیا ضرورت پڑ گئی ہے اگر حکومت نے پی آئی اے کی نجکاری کی تو اس سے اگلی حکومت کے لیے مشکلات پیدا ہوں گی۔سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے مز ید کہا کہ حکومت نے گذشتہ پانچ سال کے دوران پی آئی اے کی بحالی کے لیے کوئی اقدامات نہیں کرسکی اب آخری دو ماہ میں نواز لیگ کو قومی ایئرلائن کی نجکاری کا خیال آگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی بحالی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں نے ایکٹ منظور کیا ہے۔