شہید سب ا نسپکٹر محمد ریاض کی فیملی کو گھر کی چابیاں دی گئیں
لاہور(کر ائم رپو رٹر) لاہور پولیس کی جانب سے پولیس ملازمین کی ویلفیئر کی خاطر بنائی گئی ایس ایم ایس سروس ویلفیئر آئی کے ذریعے شہداء ، دوران سروس وفات اور میڈیکل گراؤنڈ پر ریٹائر ہونے والے ملازمین کے ورثا کی امداد کا سلسلہ جاری ،گزشتہ روز شہید سب ا نسپکٹر محمد ریاض کی فیملی کو گھر کی چابیاں دی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق بم دھماکے میں شہید ہونے والے سب انسپکٹر محمد ریاض کی فیملی کو گھر کی چابیاں دینے کی تقریب سی سی پی او آفس میں منعقد ہوئی، ایس ایس پی ایڈمنسٹریشن رانا ایاز سلیم نے چابیاں فیملی کے حوالے کیں۔اس موقع پر رانا ایاز سلیم نے کہا کہ لاہور پولیس کے اہلکار ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اورہم ان کے ورثا کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ اْنہوں نے ویلفیئر آئی کے سٹاف کو خصوصی ہدایت کی کہ اہلکاروں کی بیوگان سے رابطے میں رہیں اور ان کی ہر طرح سے امدادو رہنمائی کو یقینی بنائیں۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ ویلفیئر آئی ایس ایم ایس سروس کے ذریعے انتہائی قلیل عرصہ میں پولیس اہلکاروں کی مالی امداد کے کیسز مکمل کئے جا رہے ہیں اور بروقت واجبات کی ادائیگی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ تقریب میں شہیدسب انسپکٹر کے والد نے سی سی پی او لاہور اور ایس ایس پی ایڈمن کا شکریہ ادا کیا اور ان کی کاوشوں کو سراہا۔