غیر قانونی طور پر گردے کی پیوندکاری ، ڈاکٹر سمیت 3 افراد گرفتار
لاہور(کر ائم رپو رٹر) صوبائی دارالحکومت لاہور میں پولیس نے غیر قانونی طور پر گردے کی پیوندکاری کرنے والے ڈاکٹر سمیت 3 افراد کو گرفتار کرلیا۔تھانہ مسلم ٹاؤن پولیس کے مطابق اوکاڑہ کے رہائشی رحمت علی کا گردہ غیر قانونی طور پر ٹرانسپلانٹ کیا گیا۔پولیس نے کارروائی کرکے ڈاکٹر خالد محمود سمیت 3 افراد کو گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق مریض رحمت اس وقت شیخ زید ہسپتال میں زیر علاج ہے۔واقعہ کا مقدمہ ڈائریکٹر ہیومن آرگنز ٹرانسپلانٹ اتھارٹی عمران احمد کی مدعیت میں درج کیا گیا۔واضح رہے کہ گزشتہ برس لاہور میں گردوں کی غیر قانونی پیوند کاری سے متعلق کافی کیس سامنے آئے تھے اور ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے اس مکروہ دھندے میں ملوث ڈاکٹروں سمیت متعدد افراد کو گرفتار کیا تھا۔