سیکیورٹی اداروں کی ڈیرہ غازی خان میں کارروائی، 3دہشتگرد ہلاک
راولپنڈی (آئی این پی) سیکیورٹی اداروں نے ڈیرہ غازی خان میں کارروائی کرتے ہوئے 3دہشت گرد وں کو ہلاک کر دیا ، دہشت گردوں کے قبضے سے تیار بارودی سرنگیں، راکٹ لانچر، اے کے 47رائفل اور دیگر اسلحہ و بارود برآمد کر لیا ، خفیہ بنیاد پر کارروائی کے نتیجے میں رینجرز کے 2جوان بھی زخمی ہو گئے۔ ہفتہ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق ملک بھر میں آپریشن ردالفساد کامیابی سے جاری ہے، پنجاب رینجرز، ایلیٹ فورس اور حساس اداروں نے ڈیرہ غازی خان میں آپریشن کیا، کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ رینجرز کے 2جوان زخمی ہو گئے۔ کارروائی میں دہشت گردوں کے قبضے سے تیار بارودی سرنگیں، راکٹ لانچر، اے کے 47رائفل برآمد کئے گئے، اسلحہ میں ہینڈ گرینیڈ اور گولہ بارود کی بھاری کھیپ بھی شامل ہے۔