فیصلے امپائر کی انگلی نہیں عوام کے انگوٹھے کرتے ہیں ، نواز شریف، اہل لودھرا نے عمران کی اے ٹی ایم مشین اکھاڑ کردریائے ستلج میں پھینک دی ، شہباز شریف

فیصلے امپائر کی انگلی نہیں عوام کے انگوٹھے کرتے ہیں ، نواز شریف، اہل لودھرا ...

لودھراں(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے لودھراں کے عوام نے ثا بت کردیا فیصلے امپائر کی انگلی نہیں عوام کے انگوٹھے کرتے ہیں۔گزشتہ روزلودھراں میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا مزید کہنا تھا 1985 سے عوام کی خدمت کررہا ہوں، میرے بعد شہباز شریف نے جو خدمت کی ہے اس کی مثال نہیں ملتی، سڑکیں بن رہی ہیں، صحت کے شعبے میں کام ہو رہا ہے، تعلیمی ادارے بن رہے ہیں، کاشتکاروں کو سستی بجلی مل رہی ہے، بجلی صرف آئی نہیں بلکہ سستی بھی ہوئی ہے،2200سے کم ہو کر کھاد کی قیمت 1300پر آگئی ہے، ڈیزل کا خرچہ آدھا کم ہو گیا ہے، میں اب وزیر اعظم نہیں رہا ، مجھے نکال دیا گیا ہے، مجھ پر کرپشن کا کوئی الزام ثابت نہیں ہوا، مجھے بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نکالا گیا۔ عوام کو آئندہ انتخابات میں بڑے فیصلے کرنے ہیں،کیونکہ ملک میں گزشتہ 70 برسوں سے جو کچھ ہوتا آیا ہے اسے بدلنا، ووٹ کے تقدس کی حفا ظت کرنی ہے۔ لودھراں کے عوام نے جھوٹ بولنے والوں کو رد کردیا، عوام کا فیصلہ آج ہر جگہ گونج رہا ہے، 2018 کے انتخابات میں ملک کا ہر حلقہ لودھراں بن جائے گا، لاڈلہ کہتا ہے لودھراں سے سبق سیکھیں گے، وہ خود سبق نہیں سیکھے گا قوم اسے سبق سکھائے گی۔ میں یقین دلاتا ہوں مسلم لیگ (ن) جیتے گی توغریبوں کو انکی دہلیز پر انصاف ملے گا،ہیلتھ کارڈ پروگرام شروع کیا،ایسا پروگرام بنا رہے ہیں جس کے پاس گھر نہیں ان تمام لوگوں کو مکان فراہم کریں گے، اسپیڈو بس کی تعداد میں اضافہ کریں گے، ہم کے پی کے حکومت کی طرح نہیں جنہوں نے صوبے میں کوئی کام نہ کیا،پانچ سال میں ان سے میٹرو نہیں بن سکی وہ لوگ اور کیا کریں گے انکی کارکردگی صفر ہے،ہم نے الیکشن جیتا اور سجدے میں گر گئے اور اللہ کا شکرادا کیا،اگلے الیکشن میں اگر ہم جیتے تو سب سے پہلے لودھراں میں گیس آئے گی، میں اس بات پر قائل ہو گیا ہوں آپ نے نبض پر ہاتھ رکھا اور ووٹ کے تقدس کو بحال کیا، اقبال صاحب فرشتہ صفت انسان ہیں ان کو ووٹ دے کر آ پ نے نواز شریف کا مان بڑھایا ہے، اسی لئے آج لودھراں کے عوام کا دل سے شکریہ ادا کرنے آیا ہوں، میرے ساتھ بڑی اچھی یادیں آج بھی ہیں، عبدالرحمان کانجو بھی آپ کی بھرپور خدمت کر رہے ہیں، حمزہ شہباز اور مریم نواز یہاں دوبارہ آ کر آپ سے بات کریں گے، میں بہت خوش ہوں آپ نے پھر سے مجھے خریدلیا ہے ، میں آپ کو اور شہباز شریف کو ساتھ لے کر ذاتی مبارکباد پیش کرنے آیا ہوں، اتنی خوشی ہے کہ آپ اندازہ نہیں کر سکتے، سمجھ نہیں آرہا عوام کو کیسے مبارکباد دوں، عوام کا منہ چومنے کا دل کررہا ہے، آپ نے ان لوگوں کو رد کیا جنہوں نے پانچ سال سے جھوٹ بولنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا، لودھراں کے عوام نے آئندہ انتخابات کیلئے ٹرینڈسیٹ کر دیا ہے ۔ ہم نے عوام کی خدمت کر دی لیکن جنہوں نے بجلی ختم کر دی کبھی آپ نے پوچھا ان سے؟ہم چار سال میں بجلی واپس لے آئے جس میں شہباز شریف کا خصوصی ہاتھ ہے، دس سالوں کے منصوبے بیس مہینوں میں مکمل ہوئے ہیں، ملک سے دہشت گردی ختم کی، کراچی کو ٹھیک کیا، بھتہ خوری کو کراچی سے ختم کیا، چوروں کو ختم کیا اور کراچی کو پرامن شہربنایا، کے پی کے کی جس میں حکومت ہے اس کا نمائندہ جہانگیر ترین کہتا تھا ہم لودھراں میں جیتے ہوئے ہیں اور وہ 27ہزار ووٹ سے ہارے ہیں،عوام میری نااہلی کے فیصلے کو نہیں مانتے،مجھ پر100روپے کی رشوت کا بھی الزام نہ کوئی کرپشن ہے، کچھ نہ ملا تو مجھے اقامہ پر نکال دیا،دنیا میں ایسا فیصلہ سنا کبھی آپ نے؟ جو کچھ اس ملک میں ستر سال سے ہو رہا ہے اس کو ختم کرو گے؟اپنے ووٹ کے تقدس کی حفاظت کرو گے یا نہیں؟ کیا آپ کا وزیراعظم اسی طرح سے ذلیل ہو گا؟کیا جسے آپ وزیراعظم منتخب کرتے ہیں کیا اسے اسی طرح نااہل کیا جاتا رہے گا؟یہ آپ نے فیصلہ کرنا ہے، نوا ز شریف نے جب بھی کوئی وعدہ کیا اس کو پورا کیا، وہ دن دور نہیں جب آپ لودھراں سے کراچی جا سکیں گے موٹروے کے ذریعے، ہم نے عوام کیلئے ترقیاتی کام کئے ہیں، کوئی منصوبہ بتاؤ جو ہم نے مکمل نہ کیا ہو یا اسے کسی اور نے بنایا ہو، کیا کسی اور نے آج تک کوئی اور منصوبہ بنایا؟ یہ ہمارا ریکارڈ ہے جس کو ہم آگے بڑھائیں گے، عوام کو باعزت روزگار دیں گے، مکان دیں گے جس کے بعد عوام خوشحال کی زندگی گزارسکیں گے۔

نواز شریف

لودھراں (مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں) وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے ہم نے عوام سے کئے وعدے پورے کئے، زرداری نے اپنی حکومت میں بجلی کے منصوبے تو لگائے لیکن عوام کا پیسہ لوٹ کر لے گئے،خان صاحب کی پیدا کردہ بجلی مریخ میں ہے کیا جو نظرنہیں آ رہی؟ انہوں نے ایک میگاواٹ بجلی بھی پیدا نہیں کی،لودھراں کے عوام نے مجھے خریدلیا میں پہلے ہی آپ کا خادم تھا آج پورا آپ کا خادم بن گیا ہوں، آپ لوگ لاہور آجائیں آپ کا جو بھی حکم ہو گا میں پورا کروں گا،اللہ کو تکبر نہیں سجدہ ریزی پسند آئی، عوام نے اربوں کے قرضوں کو معاف کرانے والے کا نوٹس لے لیا ،جھوٹوں کا آئی جی عمران خان یہاں آ کر بیان دے رہا ہے لودھراں میں چوروں کی شکست ہو گی تو لو چوروں کو شکست ہو گئی ہے۔ ہفتہ کو یہاں عوامی اجتماع سے خطاب میں انکا مزید کہنا تھا لودھراں کے عوام کو سلام پیش کرتا ہوں، آپ کی محبت دیکھ کر آج مزا آ گیا ہے، عوام نے اقبال شاہ کو دعاؤں اور ووٹوں سے جتوایا، اس پر آپ سب مبارکباد کے حقدار ہیں، آپ نے مجھے اور نواز شریف کو خریدلیا ہے، آج ہم یہاں پر آپ کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرنے آئے ہیں، آپ نے اللہ کے فضل سے جیت حاصل کی جس کا پوری دنیا میں ڈنکا بج رہا ہے، آپ نے عمران خان کی اے ٹی ایم مشین کو اکھاڑ کر دریائے ستلج میں غرق کر دیا، ان لوگوں کا غرور اور تکبر خاک میں ملا دیا ، آج عوام نے فیصلہ کیا کہ جس شخص نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کیلئے امریکہ کے پانچ ارب ڈالر کو رد کر دیا آپ نے اس کو ووٹ دیا ہے، آج ملک میں بجلی کی قلت ختم ،کسانوں کو چار سال سے سستی کھاد مل رہی ہے جو ہمارا منصوبہ ہے، بجلی پر اربوں کی سبسڈی دے رہے ہیں، بلاسود قرضے دے رہے ہیں اربوں کے، غریبوں کو ہنر سکھا رہے ہیں اور پنجاب ایجوکیشن فنڈسے اربوں کے وظیفے دے رہے ہیں، کھاد پر سبسڈی دے رہے ہیں اور بجلی فراہم کر رہے ہیں، ہم نے پورے پنجاب میں 85ارب کی سڑکیں بنائی ہیں جو موٹروے کی طرح ہیں، جو لوگ ہیلی کاپٹر پر آتے تھے عوام نے ان کی پانچ ہزار کی رشوت کو ٹھکرایا اور ہمیں ووٹ دے کر اللہ کو بھی راضی کیا ہے۔

شہباز شریف

مزید : صفحہ اول