عدالتوں میں عوامی نمائندوں کو مافیا اور ڈاکو کو کہنا ناقابل قبول ، وزیراعظم

عدالتوں میں عوامی نمائندوں کو مافیا اور ڈاکو کو کہنا ناقابل قبول ، وزیراعظم

حافظ آباد(نمائندہ پاکستان،ڈسٹرکٹ رپورٹر )وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے عدالتوں میں عوامی نمائندوں کو مافیا، چور اور ڈاکو کہنا کسی صورت قبول نہیں ہے۔گزشتہ روزحافظ آباد میں مستحقین میں صحت کارڈز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب میں انکا مزید کہنا تھا سیاست کے فیصلے پولنگ اسٹیشنوں میں ہوتے ہیں اور فیصلہ عوام کا ہی مقدم ہوتا ہے۔ عدالتیں جو فیصلے کرتی ہیں اسے قبول کرتے ہیں چا ہے لوگ اور تاریخ قبول کرے یا نا کرے لیکن پارلیمنٹ کا بنایا ہوا قانون ختم یا رد کرنے کو قبول نہیں کریں گے۔ ایک فیصلہ لودھراں میں سا منے آیا ہے جس میں عوام نے نواز شریف کی سیاست کا فیصلہ کر دیا ہے اور ایک فیصلہ جولائی 2018 میں بھی سامنے آئے گا۔ پارلیمنٹ ایسا ادارہ ہے جس کا ہر 5 سال بعد احتساب ہوتا ہے لیکن ضرورت اس بات کی کہ ہر ادارہ اپنا کام کرے دوسروں کے کام نہ کرے۔ ملک کو آ گے بڑھانے کیلئے ضروری ہے ادارے ایک دوسرے کا احترام اور ہر ادارہ اپنی آئینی حدود کے اندر رہ کر کام کرے۔ سینیٹ انتخابات میں دھاندلی نہیں ہونے دیں گے، عوامی نمائندے اپنی خدمت کر سکتے ہیں یا ملک کی، دونوں ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ عوامی نمائندگی کا حق صرف عوامی تائید لانے والوں کو ہے،آج ملک میں صرف ایک ہی ملزم نواز شریف ہے جس کیخلاف کوئی ثبوت نہ ہو نے کے باوجود مقدمے عدالتوں میں چل رہے ہیں، پیسے کے زور پر آنیوالے امیدواروں کو مقابلہ کریں گے۔ مجھے حافظ آباد آ کر خوشی ہے،کافی عرصے بعد یہاں آیا ہوں، اچھے نمائندوں کے باعث علاقہ اور ملک ترقی کرتا ہے، جب آپ ووٹ دینے جائیں تو صحیح نمائندے کو ہی ووٹ دیں جس کے پاس کردارہو اور وہ ملک کے مسائل حل کرنے میں کردار ادا کرسکے، ہمیں فخر ہے مسلم لیگ(ن) وہ جماعت ہے جس نے ملکی مسائل کو حل کیا اور عوام کی بات کی ہے، دعوے سے کہتا ہوں جتنے منصوبے اس پانچ سال میں مکمل کئے گئے یہ ملکی تاریخ میں نہیں ہوئے، یہ دعویٰ نہیں ریکارڈ ہے، قومی صحت کارڈ سکیم میں غریبوں کو بلاامتیاز سہولتیں فراہم کی جار ہی ہیں اور اس کا دائرہ پورے ملک تک پھیلایا جارہا ہے کیونکہ غریب لوگوں کو صحت کی مفت سہولتیں فراہم کرنا نواز شریف کا وژن ہے ۔ذاتی عناد ،پسند نہ پسندایک طرف ،سب سے بڑھ کر ملکی ترقی ہونا چاہیے۔وزیر اعظم کا کہنا تھا 2018کے الیکشن میں بھی جیت مسلم لیگ ن کی ہی ہوگی کیونکہ عوام نواز شریف کی ترقی کے سفر کو جاری اور مکمل دیکھنا چاہتے ہیں۔وزیر اعظم نے حافظ آباد میں یونیورسٹی کیمپس بنانے سمیت مختلف سڑکوں اور گیس کے منصوبوں کا بھی اعلان کیا

وزیر اعظم

(جنرل رپورٹر) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور مسلم لیگ (ن) کے صدر نوازشریف کے درمیان ہونیوالی اہم ملاقات میں عوامی رابطہ مہم تیز کرنے پر اتفاق کیاگیا ،اس دوران و زیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا توانائی و دیگر منصوبے تیزی سے تکمیل کے مراحل میں ہیں ‘ کوشش ہے ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات عوام تک جلد پہنچیں جبکہ نواز شریف نے کہا فیصلہ وہی ماناجائے گا جو عوا م کا ہو گا ‘ عوام ہی پاکستان کے اصل وارث ہیں، لودھراں الیکشن کے بعد ثابت ہو گیا آئندہ انتخابات بھی (ن) لیگ ہی جیتے گی، ہفتہ کو جاتی امراء میں ہونیوالی ملاقات میں و زیر اعظم نے مسلم لیگ (ن) کے سربراہ کو لودھراں کے الیکشن میں شاندار کامیابی پر مبارکباد بھی دی،جبکہ باہمی دلچسپی اوراہم سیاسی امور پر تبادلہ خیال اور عوامی رابطہ مہم تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ نواز شریف کا کہنا تھا لودھراں الیکشن میں (ن) لیگ کی جیت ساز شیو ں کو بھرپور جواب ہے۔ سینٹ انتخابات میں بھی (ن) لیگ کو کامیابی حاصل ہو گی، ہم انتقام کی سیاست نہیں کرنا چاہتے ۔ اس موقع پر وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات عوام تک جلد پہنچیں گے ، سی پیک خطے میں گیم چینجر ثابت ہو گا۔

خاقان ، نواز ملاقات

مزید : صفحہ اول