شریف باپ بیٹی لوگوں کو بے وقوف بنانا بند کریں ،کوئی قانون سے بالا نہیں:عمران خان

شریف باپ بیٹی لوگوں کو بے وقوف بنانا بند کریں ،کوئی قانون سے بالا نہیں:عمران ...

اسلام آباد(آئی این پی ) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ شریف باپ بیٹی لوگوں کو بے وقوف بنانا بند کریں، انصاف کی فراہمی عدلیہ کا کام ہے، شریفوں کی منطق ہے کہ جو ایک بار ووٹ لے کرکسی عہدے پر آجائے تو وہ ہر قسم کے قانون سے مبرا ہو جاتا ہے حالانکہ ایسا نہیں ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں چئیرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ شریف باپ بیٹی دونوں بار بار عوامی عدالت میں جانے کا اعلان کر رہے ہیں،سب جانتے ہیں کہ جمہوریت میں عوام ووٹ سے نمائندوں کا انتخاب کرتے ہیں لیکن انصاف کی فراہمی عدلیہ ہی کی ذمہ داری ہے۔ ریاستی اداروں کا کام کرپشن کو بے نقاب کر کے کارروائی کرنا ہوتا ہے۔ان کو دیکھنا چاہئیے کہ کیسے جنوبی افریقہ میں افریقن نیشنل کانگریس نے کرپشن کی بنیاد پر ایک لیڈر زوما کو گھر بھیج دیا تھا۔ اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو وزیر اعظم ہونے کے باوجود پولیس کی جانب سے کرپشن کی تحقیقات کا سامنا کر رہے ہیں۔ عہدے کی وجہ سے وہ قانون سے بالاتر نہیں ہوئے۔دریں اثناعمر ایوب خان نے مسلم لیگ (ن) کو چھوڑ کرتحریک انصاف میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کر دیا، عمران خان نے عمر ایوب کی تحریک انصاف میں شمولیت کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ۔ملا قات میں انہوں نے تحریک انصاف میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کر کے تحریک انصاف کی قیادت اور منشور پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلی پختونخوا پرویز خٹک بھی موجود تھے۔

مزید : کراچی صفحہ اول