محسود پریس کلب ٹانک کے صحافیوں کی میجر جنرل نعمان ذکریا سے ملاقات

محسود پریس کلب ٹانک کے صحافیوں کی میجر جنرل نعمان ذکریا سے ملاقات

ٹانک(نمائندہ خصوصی)محسود پریس کلب کے صحافیوں کے نمائندہ وفد کی سینئر صحافی سیلاب محسود و آور دین محسود کی قیادت میں جی او سی 9ڈیو میجر جنرل نعمان ذکریا سے ان کے دفتر ڈیو ہیڈکوارٹر وانہ میں ملاقات،قبائلی صحافیوں کو درپیش مشکلات سمیت علاقائی مسائل پر بات چیت تفصیلات کے مطابق محسود پریس کلب کے صحافیوں کے ایک نمائندہ وفد جس کی قیادت سینئر صحافی سیلاب محسودو آور دین محسود کر رہے تھے نے گزشتہ روز 9 ڈیو ہیڈ کوارٹر وانہ میں میجر جنرل نعمان ذکریا سے ملاقات کی اس موقع پر مکین ،لدھااور سراروغہ کے سیکٹرز کمانڈرز بھی موجود تھے صحافیوں کے وفد نے جی او سی کو علاقہ کے مسائل سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا جس پر انہوں نے بعض مسائل کے فوری حل کے لئے احکامات جاری کئے اس موقع پر جی او سی کا کہنا تھا کہ چیک پوسٹوں پر ملنے والی شکایات کے ازالہ اور لینڈمائنز کی اطلاع کے لئے شکایاتی سیل قائم کر دیا گیا ہے جس کی نگرانی وہ خود کریں گے۔ اور شکایتی سیل کا نمبر تما م سیکورٹی چیک پوسٹوں پر آویزاں کر دیا جائیگا تاکہ شکایات کی صورت میں قبائلی فوری طور پر اس نمبر پر رابطہ کر سکے ۔انہوں نے کہا کہ لینڈ مائنز کے شکار افراد کا مفت علاج سی ایم ایچ میں کیا جائیگا اور ان کو مصنوعی اعضاء لگانے سمیت خصوصی پیکج بھی دیا جائیگا جبکہ اس کے علاوہ رہائشی علاقوں کے درمیان قائم چیک پوسٹوں کی تعداد کو بھی کم کیا جائیگا۔ان کا کہنا تھا کہ قبائلیوں کی سہولت کے لئے جہاں پر بھی پی سی او کی ضرورت ہو گی وہاں پر پی سی او سروس نصب کی جائیگی ۔سپنکئی رغزائی کیڈٹ کالج کے ساتھ قائم ڈرائیورشن کو ہنگامی بنیادوں پر بلیک ٹاپ کیا جائیگا اور مریضوں کی سہولت کی خاطر کیڈٹ کالج کی سامنے والی پختہ سڑک کو استعمال میں لایا جائیگا محسود علاقہ میں ترقی و خوشحالی کے لئے جلد ہی پبلک پاٹنر شپ کے تحط معدنیات نکالنے کا عمل شروع ہو رہا ہے جس سے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا انہوں نے کہا کہ قبائلی عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے پاک آرمی پولٹیکل انتظامیہ کے ساتھ ملکر خصوصی اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ جنوبی وزیرستان ایجنسی کی عوام بہتر سے بہتر زندگی بسر کر سکیں انہوں نے کہا کہ عنقریب کور کمانڈر پشاور جنوبی وزیرستان ایجنسی کے دورہ پر آ رہے ہیں جس میں وہ علاقہ کی ترقی اور خوشحالی کے لئے خصوصی اعلانات کریں گے اس موقع پر میجر جنرل نعمان ذکریا نے صحافیوں کے مطالبہ پر لینڈ مائنز اور بارودی مواد کو ناکارہ بنانے والی ٹیموں کی تعدا 10سے بڑھا کر 15کر دی انہوں نے صحافیوں کے مطالبے پر جنوبی وزیرستان ایجنسی کے علاقہ مکین میں پریس کلب بنانے کا اعلان کیا جس پر صحافیوں نے ان کا شکریہ ادا کیا اور علاقہ کی خوشحالی و ترقی کے لئے انہیں اپنی طرف سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر /کراچی صفحہ اول